سندھ بجٹ: کلک پروگرام کیلئے 1.14 ارب روپے مختص، کراچی میں 168 ترقیاتی سکیمیں مکمل

Jun 17, 2026 | 20:53:PM
سندھ بجٹ: کلک پروگرام کیلئے 1.14 ارب روپے مختص، کراچی میں 168 ترقیاتی سکیمیں مکمل
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (اشرف خان )سندھ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کراچی لوکل کونسلز اور اربن مینجمنٹ فنانسنگ کے تحت کلک (CLICK) پروگرام کے لیے 1 ارب 14 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق فارن اسسٹنٹ فنڈ کے تحت 59 ارب 68 کروڑ روپے موصول ہونے کی توقع ہے جبکہ کلک منصوبے کی مجموعی لاگت 62 ارب 31 کروڑ روپے ہے،کلک پروگرام کے تحت کراچی کی 25 ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز (TMCs) اور کے ایم سی کے علاقوں میں مختلف ترقیاتی اسکیموں پر کام کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق کلک پروگرام کے تحت اب تک 168 ترقیاتی اسکیمیں مکمل کی جا چکی ہیں، جن میں ڈسپنسریاں، سڑکیں، پارکس اور کمیونٹی سہولیات شامل ہیں۔

بجٹ دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کلک پروگرام کے تحت 45 لاکھ جائیدادوں کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔ ان جائیدادوں کو جیو ٹیگ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل ایم آئی ایس پلیٹ فارم سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ 25 مقامی کونسلوں کو مالیاتی اور ہیومن ریسورسز کے علیحدہ نظام سے نکال کر کے ایم سی کے پے رول اور SAP سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔

کلک پروگرام کے تحت کراچی میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بزنس فیسلیٹیشن سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق کراچی انفراسٹرکچر فنڈ کے لیے فزیبلٹی  سٹڈی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  پانی اور سڑکیں پہلی ترجیح؛ مراد علی شاہ نے کراچی کے لئے 816 ترقیاتی منصوبے بجٹ میں پیش کر دیئے