ترکیہ کی معروف کمپنی البئراک گروپ کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

Jun 17, 2023 | 21:06:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکیہ کی معروف کمپنی البیراک گروپ کے صدر احمد البیراک نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، وفد نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ البیراک نے لاہور میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، اپنے گزشتہ دور میں ہم نے لاہور کے رہائشیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کیں، لاہور میں بین الاقوامی سرمایہ کاری سے جدید سفری سہولیات، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور روزگار کے مواقع پیدا کئے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے 4 سالہ تاریک دور میں لاہور سے دانستہ طور پر بدلہ لیا گیا، بین الاقوامی کمپنیوں کو بے جا ہراساں کیا گیا، کمپنیوں کو تباہ کر کے سیاسی بھرتیوں سے اداروں کو تباہ کیا گیا، ملکی ترقی کے سفر کو روکنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ حسان، ترک البیراک گروپ کے صدر کے علاوہ کمپنی بورڈ ممبرز اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ ترکیہ کے دوران البئراک گروپ نے وزیرِ اعظم کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا  اور جلد پاکستان کے دورے کے بارے میں آگاہ کیا تھا.