بھارتی خاتون کی چوری پر امریکی ویزا رکھنے والے افراد کیلئے سخت وارننگ جاری

امریکہ میں حملہ، چوری یا ڈکیتی کا ارتکاب آپ کے ویزا کی منسوخی کا باعث بن سکتا ہے ،نئی دہلی سفارت خانہ

Jul 17, 2025 | 22:31:PM
بھارتی خاتون کی چوری پر امریکی ویزا رکھنے والے افراد کیلئے سخت وارننگ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)امریکا کے ایک گروسری سٹور سے ایک بھارتی خاتون نے تقریباً 1300ڈالر کی مالیت کی اشیاء کی چوری کیں، خاتون کے اس الزام میں پکڑے جانے کے بعدبھارت میں امریکی سفارت خانے نے امریکی ویزا رکھنے والے افراد کیلئے سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ امریکہ میں حملہ، چوری یا ڈکیتی کا ارتکاب، آپ کے ویزا کی منسوخی کا باعث بن سکتا ہے اور آپ کو مستقبل میں امریکی ویزا کیلئے نااہل قرار دیا سکتا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سفارت خانے نے بھارتی خاتون کی چوری کرنے کی وائرل ویڈیو کے بعد ویزا وارننگ جاری کر دی ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں حملہ، چوری یا ڈکیتی کا ارتکاب، آپ کے ویزا کی منسوخی کا باعث بن سکتا ہے اور آپ کو مستقبل میں امریکی ویزا کیلئے نااہل قرار دیا سکتا ہے۔ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ امریکہ میں حملہ، چوری یا ڈکیتی کا ارتکاب آپ کیلئے صرف قانونی مسائل کا باعث نہیں بنے گا۔ سفارت خانے نے واضح کیا کہ امریکہ میں جرم کرنے سے آپ کی قانونی حیثیت کس طرح متاثر ہوگی۔ سفارت خانے کے مطابق امریکہ میں جرم میں ملوث ہونا، آپ کے ویزا کی منسوخی کا باعث بن سکتا ہے اور آپ کو مستقبل میں امریکی ویزا کیلئے نااہل بنا سکتا ہے۔ امریکہ، قانون اور نظم و نسق کو ترجیح دیتا ہے اور غیر ملکی سیاحوں سے تمام امریکی قوانین کی پاسداری کی توقع کرتا ہے۔

امریکن سفارتخانے کی جانب سے یہ وارننگ ایک بھارتی خاتون کو حراست میں لئے جانے والی ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ یوٹیوب چینل ”باڈی کیم ایڈیشن“ کے ذریعے شیئر کی گئی اس ویڈیو کلپ میں، ملزمہ کو اسٹور سے فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ تاہم، اسکی سات گھنٹے طویل خریداری کی کوشش بالآخر اس وقت ختم ہو جاتی ہے جب اسے سیکورٹی گیٹ پر روکا جاتا ہے جہاں اسکی چیکنگ کے بعد اسے حراست میں لے لیا جاتا ہے۔ خاتون اپنی بیگناہی کے دعوے کرتی ہیں لیکن حکام سی سی ٹی وی فوٹیج کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں مسترد کردیتے ہیں۔ خاتون یہ بھی دعویٰ کرتی ہے کہ وہ تمام سامان کی مجموعی رقم کی ادائیگی کرسکتی ہے لیکن حکام کہتے ہیں کہ اب اس کیلئے بہت دیر ہوچکی ہے کیونکہ وہ پہلے ہی ”جرم کا ارتکاب“ کر چکی ہے۔ویڈیو میں اسے حراست میں لینے والا افسر بھارتی خاتون سے اپنا پاسپورٹ یا درست شناختی کارڈ بھی طلب کرتا ہے۔ خاتون شناختی کارڈ نہ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے اور اپنا نام ”آنیہ“ بتاتی ہے، تاہم، اس کا شناختی کارڈ دیکھنے کے بعد جیمیشا کے طور پر اسکی شناخت کی جاتی ہے۔ اپنی معافیوں پر زور دیتے ہوئے خاتون مزید کہتی ہے کہ وہ اس ملک سے نہیں ہے اور نہ ہی وہ یہاں رہے گی، جس پر ایک خاتون افسر جواب دیتی ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو بھارت میں چیزیں چوری کرنے کی اجازت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے معاہدہ طے پا گیا