سینیٹ انتخابات: یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریٹرننگ افسرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ کل صبح 9 بجے سنایا جائے گا۔
دوسری جانب عبدالحفیظ شیخ، ثانیہ نشتر، بیرسٹر علی ظفر، سائرہ افضل تارڑ، زاہد حامد، اعظم نذیر تارڑ، کامل علی آغا، فرحت اللہ بابر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، پلوشہ خان، غفور حیدری، سرفراز بگٹی سمیت بیشتر امیدواروں کے کاغذات درست قرار دے دئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایوان بالا کے انتخابی معرکہ سے پہلے امیدواروں کی سکروٹنی کا مرحلہ جاری ہے۔ بیشتر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر پی ٹی آئی نے اعتراضات داخل کئے۔پی ٹی آئی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے،یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس موجود ہے،سابق وزیراعظم نے اختیارات کا غلط استعمال کیا، یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب کورٹس میں ریفرنسز زیر التوا ہیں،ایف آئی اے میں سابق وزیراعظم کے خلاف 23 مقدمات درج ہیں۔ جوابی دلائل میں سابق وزیراعظم کے وکیل نے موقف اپنایا کہ یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ نے علامتی سزا دی تھی، نااہلی کی مدت 2017 میں ختم ہو چکی ہے، کسی الزام یا زیر سماعت مقدمہ پر نااہلی نہیں بنتی۔اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی الیکشن لڑ سکیں گے یا نہیں؟ ریٹرننگ افسر نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔