ٹریفک وارڈنز پر جرمانہ کرنے پر سی ٹی او کو نوٹس جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ارشاد قریشی)اعلیٰ افسران کی جانب سے ٹریفک وارڈنز کو شہریوں پر زائد چالان عائد کرنے کی احکامات کا انکشاف ہوا ہے۔جبکہ کم چالان کرنے پر ٹریفک وارڈنز پر جرمانے عائد کرنے کا بھی انکشاف ہے۔متاثرہ وارڈنز میں سے ایک وارڈن احسن شاہ نے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔وارڈن احسن شاہ نے سی ٹی او راولپنڈی، انسپکٹر ناصر جدون، انچارج چالان برانچ سمیت دیگر افسران کو قانونی نوٹس بھیج دیا۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریونیو اکٹھا کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر 15 چالان کا ٹارگٹ دیا جاتا ہے، بد انتظامی،غفلت اور ڈیوٹی کی خلاف ورزی ثابت کئے بغیر جرمانہ عائد کیا گیا، افسران کی جانب سے کارروائی انصاف کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ افسران کی رویے نے غیر قانونی دباؤ اور ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا، اعلیٰ افسران کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر غیر قانونی چالان کرنے پر مجبور کیا جاتا ہے، یہ طرز عمل اختیارات کے ناجائز استعمال اور آئین کے آرٹیکل 4 اور 14 کی خلاف ورزی ہے، افسران قانونی نوٹس کا 7 دن کے اندر جواب جمع کروائیں۔
ٹریفک پولیس ذرائع کاکہناہے کہ سی ٹی او راولپنڈی نے شہریوں پر کم چالان عائد کرنے پر61 ٹریفک وارڈنز کو ایک لاکھ 22 ہزار روپے جرمانہ عائد کر رکھا ہے۔
دوسری جانب ٹریفک وارڈنز کو چالان کا ٹارگٹ دینے کے معاملے پر ٹریفک پولیس کا موقف سامنے آگیا۔سی ٹی او راولپنڈی کاکہناتھا کہ ٹریفک پولیس کے کسی آفیسر و اہلکار کو کسی قسم کا چالان ٹارگٹ نہیں دیا جاتا،چالان صرف ٹریفک خلاف ورزیوں پر کیے جاتے ہیں،
فرحان اسلم کاکہناتھا کہ کسی بھی پوائنٹ پر ٹریفک وائلیشن کنٹرول کرنا متعلقہ آفیسر کی ذمہ داری ہوتی ہے،ڈیوٹی کے دوران غفلت و لاپرواہی پر متعلقہ آفیسر کو محکمانہ سزا دی جاتی ہے، اچھی ڈیوٹی کرنیوالوں کو انعامات بھی دیے جاتے ہیں، گزشتہ 45یوم کے دوران1ہزار23جوانوں کو سر ٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا گیا۔
سی ٹی او راولپنڈی کا مزید کہناتھا کہ دوران ڈیوٹی عدم دلچسپی پر اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر214وارڈنز کو سزا دی گئی، کرپشن ثابت ہونے پر3اہلکاروں کو نوکری سے برخاست بھی کیا گیا، ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کیلئے دفاتر سے100 اہلکاروں کو فیلڈ میں تعینات کیا گیا، ہمارا مقصد شہر میں بلارکاوٹ ٹریفک کی روانی اور لاءا نفورسمنٹ ہے، راولپنڈی ٹریفک پولیس کے افسران و جوان صرف قانونی تقاضوں کے مطابق کارروائی کرتے ہیں۔