والد کی جیب میں کپڑے خریدنے کے بھی پیسے نہیں ہوتے تھے: سنی دیول کا انکشاف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے معروف اداکار سنی دیول نے والد اور لیجنڈری اداکار دھرمیندر سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہاہے کہ والد کی جیب میں کیرئیر کے آغاز پر کپڑے خریدنے تک کے پیسے نہیں ہوتے تھے۔
رواں برس ایک انٹرویو میں سنی دیول نے اپنے والد کی شوبز میں کی گئی جدوجہد پرگفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے والد اور اداکار وہدایتکار منوج کمار کا انڈسٹری میں سفر ایک ساتھ ہی شروع ہوا تھا، دونوں کے درمیان بہت اچھا تعلق تھا، بچپن میں ہم نے دونوں کو ہمیشہ ساتھ ساتھ دیکھا۔
سنی دیول کے مطابق مجھے والد نے خود بتایا تھا کہ ابتدا میں جب وہ اور منوج کمار ساتھ ساتھ تھے، ان کی جیب میں پیسے نہیں ہوتے تھے، منوج جی کے پاس کبھی کبھی پیسے ہوتے تھے اور اس وقت وہ جب بھی کپڑے خریدنے جاتے تو میرے والد سے کہتے تھے آؤ دھرم تم بھی 2 قمیضیں لے لو۔
سنی دیول کا کہنا تھا کہ اس وقت دونوں کے درمیان بہت خوبصورت بندھن تھا اور مجھے لگتا ہے کہ وہ وقت بہت اچھا تھا جو کبھی واپس نہیں آسکتا۔
واضح رہے کہ بالی وڈ کے معروف اداکار منوج کمار 87 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے جبکہ دھرمیندرآج کل علیل ہیں،اس دوران بھارتی میڈیا کے بڑے ناموں نے ان کی موت کی جھوٹی خبریں چلادی تھیں جسے ان کے اہلخانہ نے مسترد کرتے ہوئے میڈیا پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:بے شُمار لازوال گیتوں کے خالق فیروزنظامی کوبچھڑے50 برس بیت گئے
سنی دیول اپنی رہائش گاہ کے باہر کھڑے میڈیا نمائندگان کو دیکھ کر بھڑک اٹھے تھے ،اس موقع پر سنی دیول نے غیر اخلاقی زبان کا استعمال کرتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر سوال کیا تھاکہ آپ کے گھر میں ماں باپ ہیں، بچے ہیں ؟اگر ہیں تو ویڈیو کیوں ڈال رہے ہو آپ لوگوں کو شرم نہیں آتی!