گوجرانوالہ: دیرینہ دشمنی کی بناء پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق

Nov 15, 2023 | 17:44:PM
گوجرانوالہ، دیرینہ دشمنی کی بناء پر فائرنگ، 5 افراد جاں بحق
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زاہد اقبال رانا) پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں نامعلوم ملزمان نے ذاتی دشمنی کی بناء پر فائرنگ کرکے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

یہ افسوس ناک واقعہ گوجرانوالہ کے جمیل شہید چوک پر پیش آیا، عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سوار افراد نے پانچوں افراد پر فائرنگ کی اور بھاگ نکلے۔

اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی اور ایمبولینسز کو طلب کرکے لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت رانا افتخار، رجب، حافظ سفیان، بوٹا عرف فوجی اور قیصر شاہ کے ناموں سے ہوئی۔ سیٹلائٹ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

دریں اثناء آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا حکم جاری کردیا۔

یہ بھی پڑھیے: 9 سال مفرور رہنے والے ملزم کی درخواست ضمانت خارج

آئی جی پنجاب نے ہدایت دی کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، سپروائزری افسران مقتولین کے لواحقین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔

دوسری جانب نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

نگران وزیراعلیٰ نے ہدایات دیں کہ ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنائی جائے اور مقتولین کے لواحقین کو انصاف کی جلد فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔