امیتابھ بچن کو فلم کا ایک روپیہ ایڈوانس دیکر سپر سٹار بنانیوالے پرکاش مہرہ کون تھے ؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بھارت کی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار پرکاش مہرہ نے1973میں اپنی سپر ہٹ فلم ’زنجیر‘ میں امیتابھ بچن کو معاہدہ کیلئے ایک روپیہ سائننگ اماؤنٹ دیا تھا۔ اس فلم سے ہی امیتابھ بچن ایک اینگری ینگ مین اور سپر اسٹار بن کر ابھرے ،اور بھارت کی فلم انڈسٹری میں ان کا ڈنکا بجنے لگا۔
پرکاش مہرہ 13جولائی۱۹۳۹کواترپردیش کے بجنور میں پیدا ہوئے، وہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں اداکار بننا چاہتے تھے۔ 60کی دہائی میں اپنے اسی خواب کو پوراکرنے کے لئے وہ ممبئی آ گئے۔ انہوں نےاپنے کریئر کا آغاز فلم اجالا اور پروفیسر جیسی فلموں سے کیا۔ 1967میں آئی فلم حسینہ مان جائے گی بطور ہدایتکار پرکاش مہرا کی پہلی فلم تھی۔ اس فلم میں ششی کپورنے دوہرا کردار ادا کیا تھا۔1973 میں فلم زنجیر نہ صرف پرکاش مہرہ کےلئے بلکہ امیتابھ بچن کے کریئر کیلئےبھی سنگ میل ثابت ہوئی۔ بتایا جاتا ہے دھرمیندراور پران کےکہنے پرپرکاش مہرہ نے امیتابھ کوزنجیر میں کام کرنے کا موقع دیا تھا اور اس کے لئے سائننگ اماؤنٹ ایک روپیہ دیا تھا۔ فلم زنجیر کی کامیابی کے بعد امیتابھ اورپرکاش مہرہ کی سپر ہٹ فلموں کادور طویل وقت تک چلا۔ اس دوران لاوارث، مقدر کا سکندر، نمک حلال، شرابی، ہیرا پھیری جیسی کئی فلموں نےباکس آفس پر کامیابی کے پرچم لہرائے۔ پرکاش مہرہ ایک کامیاب فلمساز کے علاوہ نغمہ نگاربھی تھے اور انہوں نے اپنی کئی فلموں کیلئے سپر ہٹ نغموں کی تخلیق کی تھی۔ ان میں ’او ساتھی رے، تیرےبنا بھی کیا جینا، لوگ کہتےہیں میں شرابی ہوں، جس کا کوئی نہیں اس کا تو خدا ہے یارو، جوانی جان من حسین دلربا، جہاں چار یار مل جائیں وہاں رات ہو گلزار، انتہا ہو گئی انتظار کی، دل تو ہے دل، دل کا اعتبار کیاکیجئے، دل جلوں کا دل جلا کے کیا ملے گا دلربا، دے دے پیار دے، اوراس دل میں کیا رکھا ہے، اپنی تو جیسے تیسےکٹ جائے گی اور روتے ہوئے آتے ہیں سب ہنستا ہوا جو جائے گا‘‘ وغٰرہ شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے ممبئی میں جدوجہد کے دنوں میں انہیں اپنی زندگی گزارنے کیلئے صرف50؍روپے میں نغمہ نگار بھرت بیاس کو ’’ تم گگن کے چندرما ہو، میں دھرا کی دھول ہوں ‘‘ نغمہ فروخت کرنےکے لئے مجبور ہونا پڑا تھا۔
پرکاش مہرہ نے اپنے فلمی کریئرمیں22فلموں کی ہدایتکاری اور10فلموں کی تخلیق کا کام کیا تھا۔ 2001میں آئی فلم مجھے میری بیوی سے بچاؤ ان کے فلمی کریئر کی آخری فلم ثابت ہوئی اور یہ فلم باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئی۔ پرکاش مہرہ اپنی زندگی کے آخری لمحات میں امیتابھ کو لے کر’گالی‘نامی ایک فلم بنانا چاہتے تھے لیکن ان کایہ خواب ادھورا ہی رہ گیا اور اپنی فلم کے ذریعےناظرین کومسحورکرنے والےپرکاش مہرہ 17مئی 2009کو دنیا سے رخصت ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ایل این جی کی قیمتوں میں بڑی کمی،اوگرانے نوٹیفکیشن جاری کر دیا