شمالی کردفان میں RSF فورسز کا حملہ: 300 کے قریب افراد ہلاک

Jul 15, 2025 | 00:40:AM
شمالی کردفان میں RSF فورسز کا حملہ: 300 کے قریب افراد ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سوڈان میں انسانی حقوق کے کارکنوں نے انکشاف کیا ہے کہ نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) نے شمالی کردفان میں شدید حملے کرتے ہوئے تقریباً 300 افراد کو قتل کر دیا ہے، یہ حملے ہفتے کے روز شہر بارہ (Bara) کے گردونواح میں کیے گئے جو اس وقت RSF کے قبضے میں ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیم ایمرجنسی لائرز کے مطابق  ایک گاؤں شگ النُعم (Shag Alnom) میں 200 سے زائد افراد کو یا تو گولیاں مار کر یا جلا کر قتل کیا گیا، جب کہ دیگر گاؤں میں لوٹ مار کے دوران 38 افراد ہلاک ہوئے اور درجنوں لاپتا ہیں،اگلے دن  اتوار کو RSF نے ہلت حامد (Hilat Hamid) گاؤں پر حملہ کیا جس میں 46 افراد ہلاک ہوئے جن میں حاملہ خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

اقوام متحدہ کے مطابق  ان حملوں کے نتیجے میں 3,400 سے زائد افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔

ایمرجنسی لائرز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ جن گاؤں کو نشانہ بنایا گیا وہ مکمل طور پر غیر فوجی علاقے تھے جس سے ان حملوں کی مجرمانہ نوعیت ظاہر ہوتی ہے اور یہ بین الاقوامی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ 
امریکہ اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے RSF پر جنگی جرائم، انسانیت کے خلاف جرائم اور نسل کشی کے الزامات عائد کیے ہیں، RSF کے جنگجو ان علاقوں میں لوٹ مار، قتلِ عام اور اجتماعی تشدد میں ملوث پائے گئے ہیں جہاں وہ قابض ہیں۔

خیال رہے کہ سوڈان میں اپریل 2023 سے خانہ جنگی جاری ہے، ملک کے وسطی اور مشرقی حصے پر سوڈانی فوج کا کنٹرول ہے، جب کہ مغربی علاقوں، خاص طور پر دارفور اور شمالی کردفان میں RSF اپنا قبضہ مضبوط کرنے کی کوشش کر رہی ہے،RSF قیادت کا کہنا ہے کہ وہ ایسے اقدامات میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گےتاہم انسانی حقوق کی تنظیمیں اس بیان کو محض ایک دکھاوا قرار دے رہی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: قلات اور اطراف میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 4.4 ریکارڈ