مقدمات جلسے کی کامیابی کا تحریری ثبوت ہیں، مریم اورنگزیب

Dec 15, 2020 | 11:37:AM
 مقدمات جلسے کی کامیابی کا تحریری ثبوت ہیں، مریم اورنگزیب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب! پارلیمنٹ کے جنگلے توڑنے پر پرچہ تو آپ پر درج ہونا چاہیے۔جھوٹی حکومت کی ایف آئی آر تاریخی جلسے کی کامیابی کا تحریری ثبوت ہے، جلسہ چھوٹا دکھانے کی ترجمانی سے ہلکان وزیرِاعظم عمران خان اور کرائے کے ترجمانوں کو چُلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق مریم اورنگزیب نے مینارِ پاکستان پر ہونے والے جلسے پر پی ڈی ایم کی قیادت کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کی ہے۔ جلسہ چھوٹا دکھانے کے پراپیگنڈے میں بدترین ناکامی اور لاچاری پر جھوٹا پرچہ درج کیا گیا۔انہوں نے وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب! پرچے کاٹ کر آپ نے اپنی فسطائی، آمرانہ اور غیر جمہوری سوچ کو مزید بے نقاب کیا ہے۔ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کی مسلم لیگ ن کے قائدین کےخلاف ایف آئی آر ان کی گھبراہٹ اور خوف کا ثبوت ہے۔

 انہوں نے وزیرِ اعظم سے مخاطب ہو کر کہا کہ عمران صاحب! جھوٹی ایف آئی آرز کے پیچھے چھپنے سے آپ کا جعلی مینڈیٹ بچ نہیں سکتا۔جھوٹی ایف آئی آرز، ترجمانوں اور اشتہاروں پر چلتی ناجائزحکومت مینارِ پاکستان جلسے سے ہل گئی۔ عمران صاحب! جھوٹے مقدمات بنانے سے عوام آپ کو این آر او نہیں دیں گے۔