بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، گلیشیائی جھیلیں پھٹنے سے تباہی،200سے زائد افراد جاں بحق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں موسلادھار بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، جھیلیں پھٹنے سے200 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ متعدد لاپتہ ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختو نخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں ، سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ،باجوڑ میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ سے 16 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ ،16 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے علاقہ باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے قریب واقعہ پیش آیا، جہاں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 16 افراد جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں، متعدد گھروں کو نقصان پہنچا، جبکہ 7 افراد لاپتہ ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باجوڑ امجد خان کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع موصول ہوئی ہیں۔
گلگت بلتستان میں خوفناک سیلابی ریلہ، لوگ دریا کنارے کھڑے ہو کر اذان دے رہے ہیں۔۔!! pic.twitter.com/dfstSNEhPw
— Khurram Iqbal (@khurram143) August 15, 2025
مقامی ذرائع کے مطابق کلاؤڈ برسٹ کی وجہ سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی، راستہ بند ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی آبادی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
مانسہرہ میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی
مانسہرہ کے علاقے بسیاں میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ تین افراد کو زندہ بچا لیا گیا۔
لوئر دیر میں مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد جاں بحق
اس کے علاوہ لوئر دیر میں رات سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سوری پاؤ میں مکان کی چھت گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی، جبکہ دو زخمی ہیں، جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات گئے بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی تھی، ملبے تلے 7 افراد دب گئے تھے، 2 زخمیوں کو تیمرگرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
دریا پنجکوڑہ سمیت ندی نالوں میں طغیانی سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں، سیلابی ریلے کے باعث اوڈیگرام رابطہ پل شدید متاثر ہوا، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، سیلابی پانی میں پھنسے 25 سیاحوں کو رات گئے ریسکیو کیا گیا۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گلیشیئر پھٹنے سے تباہی
دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارش اور گلیشیئر پھٹنے سے مختلف علاقوں میں تباہی مچ گئی، ندی نالوں میں طغیانی، سیلابی ریلے اور رابطہ سڑکوں کی بندش نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا، حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔
11 die as rains, floods wreak havoc in KP, GB, Punjab
— 24 News HD (@24NewsHD) August 15, 2025
Heavy rains and flash floods have wreaked havoc in many cities of Khyber Pakhtunkhwa, Gilgit Baltistan and Punjab, claiming lives of 11 people in rain-related incidents.https://t.co/cOvl8jJbjp pic.twitter.com/lTWsamwjED
گلگت بلتستان کے ضلع غذر کی تحصیل گوپس کے گاؤں خلتی میں 8 افراد سیلاب کی زد میں آگئے، دیامر میں دو افراد ریلوں میں بہہ گئے، ہنزہ، نگر اور سکردو میں متعدد افراد لاپتہ ہوگئے، درجنوں گھر، سرکاری عمارتیں، پل اور شاہراہیں تباہ ہوئیں، کھڑی فصلیں اور درخت ریلے میں بہہ گئے، شاہراہ قراقرم، شاہراہ بابو سر اور گلگت سکردو شاہراہ پر کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔
اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کی تحصیل نصیر آباد میں بادل پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے، نعشوں کو نکال لیا گیا، جبکہ 30 افراد لاپتہ ہیں، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں اور فلیش فلڈنگ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
وادی نیلم میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے پل اور سڑکیں تباہ ہوگئیں، سیاحتی مقام رتی گلی بیس کیمپ میں 500 سے زائد سیاح پھنس گئے، 100 کو بچا لیا گیا، دیگر کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے۔

نالہ جاگراں میں کلاؤڈ برسٹ سے 3 بیلی برج اور 2 گیسٹ ہاؤس بہہ گئے، ہائیڈرل پراجیکٹ متاثر ہوگیا، کٹن جاگراں کو ملانے والی سڑک بھی تباہ ہوگئی، 25 ہزار افراد پر مشتمل آبادی محصور ہوگئی۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں شدید بارشوں کے پیش نظر دریاؤں کے قریب آبادی کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بٹگرام: سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں
ضلع بٹگرام کے علاقہ نیل بند میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 10 افراد کی لاشیں شملائی مندروالی کے مقام سے نکال لی گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق 18 افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام کے مطابق نیل بند گاؤں ضلع بٹگرام اور مانسہرہ کی سرحد پر واقع ہے جہاں گزشتہ رات کلاؤڈ برسٹ کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوئی تھی۔
کے پی حکومت کے 2ہیلی کاپٹر روانہ
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر مکانات کی چھتوں پر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے صوبائی حکومت کا چھوٹا ہیلی کاپٹر فوری طور پر بونیر روانہ کر دیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے پی کے مطابق صوبائی حکومت کے بڑے ہیلی کاپٹر ایم آی 17 کو باجوڑ میں ریسکیو کے لیے بھیجا گیا ہے، صوبائی حکومت کے پاس صرف یہ دو ہی ہیلی کاپٹر ہیں جو ریسکیو سرگرمیوں کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔