اوورسیز پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں، حکومت سہولتیں فراہم کرے گی، نگران وزیراعظم

Nov 14, 2023 | 19:02:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سے نعمان مصطفیٰ کی سربراہی میں اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ملکی معیشت میں اوورسیز پاکستانیوں کا کلیدی کردار ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے ترسیلات زر کی قانونی اور محفوظ ذریعے سے منتقلی ملکی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے۔

وزیراعظم نے اوور سیز پاکستانیوں کو اپنی رقوم روشن ڈیجیٹل پاکستان اکاؤنٹ کے ذریعے منتقل کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ روشن ڈیجیٹل پاکستان اکاؤنٹ رقوم کی منتقلی کا محفوظ ذریعہ ہے جس کے استعمال سے ملکی معیشت کی بہتری میں کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پاک افغان ازبک سہ فریقی مذاکرات ،اہم امور پر تبادلہ خیال

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، حکومت انہیں ہر ممکن مدد اور سہولت فراہم کرے گی، اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری اور ان کی جائیدادوں کی حفاظت حکومتی ذمہ داری ہے اس سلسلے میں کسی کو تاہی کی گنجائش نہیں۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔