خیبرپختونخوا میں موسلا دھار بارشوں سے تباہی، 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )خیبرپختونخوا میں مسلسل بارشوں اور تیز ہواؤں نے مختلف اضلاع میں تباہی مچا دی، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے مختلف حادثات میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 33 زخمی ہو گئے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اتوار کے روز جانی و مالی نقصانات کی تصدیق کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بنوں، شانگلہ، مانسہرہ اور دیگر اضلاع میں شدید بارشوں اور آندھی کے باعث متعدد گھروں کی چھتیں اور دیواریں منہدم ہو گئیں، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 4 مرد، ایک خاتون اور 2 بچے شامل ہیں۔
ادارے کے مطابق زخمی ہونے والے 33 افراد میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں، جنہیں مختلف اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ ضلعی حکام کو ریلیف سرگرمیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں، اور سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ متاثرہ افراد معلومات اور امداد کے لیے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں گرد آلود ہواؤں، تیز آندھی، گرج چمک اور بارشوں کے ساتھ طوفانی موسم کی پیش گوئی کی تھی۔
یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بھی خیبرپختونخوا میں بارشوں سے متعلق مختلف حادثات کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :محرم الحرام کا چاند کل صبح 7 بج کر 54 منٹ پر پیدا ہونے کا امکان