گھر کا بنا اچار کالا یا خراب کیوں ہو جاتا ہے؟ جانیے لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کے طریقے

Jun 14, 2026 | 12:19:PM
گھر کا بنا اچار کالا یا خراب کیوں ہو جاتا ہے؟ جانیے لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کے طریقے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ماہرین نے اچار کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کے لیے چند آسان طریقے بتائے ہیں جس سے اچار کبھی خراب نہیں ہوگا یہ آزمودہ طریقے ملاحظہ کیجئے۔

ہمیشہ صاف اور بالکل خشک برتن کا استعمال کریں

اچار بنانے کے لیے استعمال ہونے والے مرتبان، ڈھکن، چمچ اور دیگر تمام برتنوں کو اچھی طرح دھو کر بالکل سکھا لیں۔ اگر آپ زیادہ مقدار میں اچار بنا رہے ہیں تو برتنوں کو کپڑے سے سکھانے کے بجائے تھوڑی دیر ہوا میں چھوڑ دیں تاکہ نمی کا ایک قطرہ بھی باقی نہ رہے۔

سبزیوں کو ہمیشہ تیل یا پانی کے اندر ڈبو کر رکھیں

اچار کا جو بھی حصہ باہر رہے گا، وہ سب سے پہلے خراب ہوگا۔ اگر ضرورت ہو تو کسی صاف چمچ یا کسی بھاری چیز سے اچار کو نیچے کی طرف دبا دیں تاکہ وہ تیل کی سطح سے نیچے رہے۔

نمک اورسرکے کا توازن درست رکھیں

اچار میں نمک یا سرکے کی مقدار کو اپنی مرضی سے کم نہ کریں کیونکہ یہ اچار کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے بہت ضروری ہیں۔ نمک اور سرکے کی مقدار نسخے کے مطابق استعمال کرنی چاہیے۔

اچار ڈالنے سے پہلے تمام چیزوں کو اچھی طرح سکھا لیں

سبزیوں کو دھونے کے بعد کپڑے پر پھیلا کر اچھی طرح خشک کرنا ضروری ہے۔ خاص طور پر ہمارے ہاں بننے والے عام اچار جیسے لیموں یا مرچ کے اچار میں اگر تھوڑی سی بھی نمی رہ جائے تو پورا اچار سڑ جاتا ہے۔

مرتبان کو ہمیشہ کسی ٹھنڈی اور اندھیری جگہ پر رکھیں

کچن کے ایسے کاؤنٹر پر جہاں دھوپ آتی ہو، اچار رکھنا غلط ہے۔ اسے کسی الماری یا سائے والی جگہ پر رکھیں۔

اچار نکالنے کے لیے ہمیشہ بالکل خشک اور صاف چمچ کا استعمال کریں

کبھی بھی گیلا، جھوٹا یا استعمال شدہ چمچ اچار کے اندر نہ ڈالیں اور اچار نکالنے کے فوراً بعد ڈھکن کو مضبوطی سے بند کر دیں۔

اچار کو وقفے وقفے سے دیکھتے  اور ہلاتے رہنا بھی ضروری ہے

ماہرین کا کہنا ہے کہ اچار کو وقفے وقفے سے دیکھتے اور ہلاتے رہیں اس سے اچار خراب نہیں ہوگا، اگر اچار میں سے عجیب سی کھٹی بو آنے لگے، سبزیاں لیس دار ہو جائیں، پھپھوندی نظر آئے یا اچار کا رنگ عجیب سا بدل جائے، تو ایسے اچار کو استعمال کرنے کے بجائے پھینک دینا ہی بہتر ہے کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

گھر کا بنا اچار کسی مہنگے سامان یا مشکل طریقے کا محتاج نہیں ہوتا، یہ صرف تھوڑی سی توجہ مانگتا ہے۔ اگر اسے خشک، ٹھنڈا اور تیل میں ڈبو کر رکھا جائے تو یہ کئی ماہ بلکہ بعض اوقات ایک سال سے بھی زیادہ عرصے تک تازہ اور لذیذ رہ سکتا ہے۔