تمام مکاتب فکر کی دینی قیادت نے پیغامِ پاکستان کو آئین کے بعد مضبوط ترین دستاویز قرار دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)قومی پیغامِ امن کمیٹی کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی نے گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا میں ایک اہم پریس کانفرنس منعقد کی، جس میں تمام مکاتبِ فکر کی دینی قیادت نے دہشتگردی کو متفقہ طور پر غیر اسلامی قرار دیتے ہوئے امن، اتحاد اور ریاست کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جہاں جہاں امن کی ضرورت ہوگی، قومی پیغامِ امن کمیٹی وہاں دورے کرے گی، کمیٹی کی سرگرمیوں میں خیبر پختونخوا کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔
دینی قیادت نے متفقہ طور پر پیغامِ پاکستان کو آئین کے بعد سب سے مضبوط قومی اتفاقِ رائے کی دستاویز قرار دیا۔
علما نے کہا کہ پیغامِ پاکستان پوری قوم کو ایک لڑی میں پرونے والا ضابطہ ہے جو دہشتگردی، انتہا پسندی اور فتنہ کے خلاف واضح رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
پریس کانفرنس میں واضح اعلان کیا گیا کہ دہشتگردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور ہائیکورٹ کے6ایڈیشنل ججز کو مستقل کرنے کی منظوری
تمام مکاتبِ فکر کے علما نے دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بے گناہ انسان کا قتل حرام ہے اور اسلام امن، محبت اور رواداری کا دین ہے۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی نے کہا کہ دہشتگردی کے زیادہ تر واقعات سرحد پار سے منسلک ہیں اور مطالبہ کیا کہ افغانستان سے پاکستان میں امن یقینی بنایا جائے۔
علما نے زور دیا کہ خطے میں امن کے لیے مشترکہ اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔
دینی قیادت نے ریاستِ پاکستان اور افواجِ پاکستان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو اسلام اور امن کے محافظ قرار دیا۔
علما نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی حمایت دینی فریضہ ہے اور فتنہ و فساد کے خلاف جدوجہد کو جہادِ اکبر قرار دیا گیا۔
مفتی عبد الرحیم نے کہا کہ دشمنوں کی حمایت خوارج سے بھی بدتر عمل ہے اور خوارج کے خلاف جدوجہد کو حق اور درست قرار دیا،فتنہ کے خلاف خاموشی بھی جرم کے مترادف ہے۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی نے اعلان کیا کہ اس جمعہ کو ملک بھر میں یومِ پیغامِ پاکستان منایا جائے گا، جس کا مقصد امن، اتحاد، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔
کمیٹی نے امن کے قیام میں اپنے کلیدی کردار کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔