’’آگ لگے بستی میں‘‘بنگلہ دیش میں ریلیزہونیوالی پہلی پاکستانی فلم

 فلم کامیڈی، ایکشن اور رومانس کا امتزاج جو چھوٹی عید پر بڑا تحفہ ہے،ماہرہ خان،فہدمصطفیٰ ،تابش ہاشمی

Feb 14, 2026 | 15:46:PM
’’آگ لگے بستی میں‘‘بنگلہ دیش میں ریلیزہونیوالی پہلی پاکستانی فلم
کیپشن: ماہرہ خان،فہدمصطفیٰ،تابش ہاشمی اورعرفان ملک
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ایم وقار)ماہرہ خان،فہدمصطفیٰ اورتابش ہاشمی کی فلم’’آگ لگے بستی میں‘‘عیدالفطرپرریلیزکی جائے گی جسے پاکستان اوردوسرے ملکوں کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش میں بھی ریلیزکیاجائے گا۔

فلم کے حوالے سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کااہتمام کیاگیاجس میں ماہرہ خان،فہدمصطفیٰ ،تابش ہاشمی اورعرفان ملک نے شرکت کی۔اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے عرفان ملک نے بتایاکہ یہ فلم ہم نے بہت محنت سے بنائی ہے،یہ اس عیدکیلئے ہماری طرف سے ایک تحفہ ہے،یہ فلم فہدمصطفیٰ کی پروڈکشن میں پہلی فلم ہے۔پاکستان فلم انڈسٹری ستر،اسی اورنوے کی دہائی میں اپنے عروج پر تھی جب سات ساڑھے سوسینماگھرتھے جواب بدقسمتی سے چالیس رہ گئے ہیں،اب فلم بنانابہت مشکل ہوگیاہے کیونکہ پروڈیوسربھاری بجٹ کے ساتھ فلم بناتے ہیں لیکن لاگت کوریکورکرنابہت مشکل ہوگیاہے،اسی لئے یہ بہت ضروری ہوتاہے کہ سب لوگ مل کراس فلم کوسپورٹ کریں تاکہ پروڈیوسر کواس کے پیسے واپس مل جائیں،ہم پاکستان کی ساری سکرینز پرہی  فلم کی نمائش کرنے جارہے ہیں،اس کے علاوہ نارتھ امریکہ،مشرق وسطیٰ،آسٹریلیا،نیوزی لینڈ اوربنگلہ دیش میں بھی فلم کوریلیزکرنے جارہے ہیں،بنگلہ دیش میں شاید 1971 کے بعد یہ پہلی فلم ہوگی جووہاں ریلیزہو،جنوبی افریقہ میں بھی ہم فلم کوریلیزکرنے کاارادہ رکھتے ہیں۔


فہدمصطفیٰ نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ پنجاب سے مجھے ہمیشہ بہت پیارملاہے،میں نے پنجاب کے بہت سے شہروں میں شوزبھی کئے ہیں،ڈسکہ جیسے شہروں میں شوزکئے ہیں اورلوگوں سے بہت پیارملاہے۔ہماراپنجاب کے ساتھ جوتعلق ہے میں چاہتاہوں کہ وہ اس فلم’’آگے لگے بستی میں‘‘کے ذریعے اورمضبوط ہو،ہم نے یہ فلم بہت دل سے بنائی ہے ،اس میں کچھ نئے لوگ ہیں بہت سے پرانے لوگ ہیں،ڈائریکٹربھی نئے ہیں،رائٹربھی نئے ہیں اس طرح کوشش کی ہے کہ نئے لوگوں کوسامنے لایاجائے۔میراآخری ڈرامہ’’کبھی میں کبھی تم‘‘بہت زیادہ ہٹ گیا،وہ نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر دیکھااورپسندکیاگیا،اس کے بعدمجھے لگاکہ اب کچھ ایسالے کرآیاجائے جواس سے بھی بہتر اوراس سے بھی بڑاہو۔کچھ ایساسوچاجس سے سینماکی رونقیں پھرسے بحال ہوں۔ماہرہ خان اورہمایوں سعیدکی اس سے پہلی فلم ’’لوگرو‘‘بہت پسندکی گئی تھی،ہم نے اس فلم میں تابش ہاشمی کوبھی لیااورانہوں نے فلم میں بہت کمال کاکام کیاہے،اسی طرح جاویدشیخ بھی اس فلم میں ہیں جن سے پاکستان کی عوام بہت زیادہ پیارکرتی ہے،مجھے لگتاہے کہ ہم نے ایک اچھی فلم بنائی ہے امیدہے لوگوں کویہ بہت پسندآئے گی۔


فہدمصطفٰی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ یہ فلم صرف پنجاب یاکسی ایک خطے کے لئے نہیں ہے ہم نےایک اچھی فلم بنائی ہے جسے سب لوگ پسندکریں گے،اس کے ٹریلر کوبھی لوگوں نے بہت پسندکیاہے ۔تابش ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے فہدمصطفیٰ نے کہاکہ یہ میرے ذہن میں کافی عرصے سے تھاکہ ان کے ساتھ کوئی پراجیکٹ کروں ،میرے ذہن میں فلم کاآئیڈیانہیں تھابلکہ سیریز تھی جس کے حوالے سے میں نے تابش سے بات بھی کی تھی لیکن وہ سیریز بن نہیں سکی البتہ فلم بن گئی،انہوں نے فلم میں بہت اچھاکام کیاہے اوران کاپہلاہی سین دیکھ کرجاویدشیخ نے کہاتھاکہ لگ نہیں رہاکہ آپ کی یہ پہلی پہلی فلم ہے۔جہاں تک فلم کے نام کاتعلق ہے تویہ نام رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ ہرانسان کی زندگی میں کچھ پریشانیاں ہیں ہرانسان کی زندگی کی کوئی نہ کوئی آگ ہے جسے وہ بجھاناچاہتاہے،اس کی ایک بستی ہوتی ہے جس میں کوئی نہ کوئی آگ ضرور لگ ہی جاتی ہے،فلم میں بھی ہم سب اپنی اپنی آگ بجھانے کی کوشش کرتےہیں اسی لئے یہ نام رکھاہے،لوگوں نے فلم کے منفرد نام کوپسندبھی کیاہے۔ہمارے ملک میں مسائل کی وجہ سے لوگ مسکرانابھول گئے ہیں لیکن یہ فلم دیکھنے کے بعد وہ مسکراتے ہوئے سینماسے گھروں کوجائیں گے۔
فہدمصطفٰی نے میوزک کے حوالے سے بتایاکہ اس فلم میں ہم نے نوجوانوں کوموقع دیاہے اوران کے گانے مقبول بھی ہوئے ہیں۔عاصم اظہر نے ایک گاناکیاہے جس میں صابری سسٹرز ان کے ساتھ ہیں،عاشروجاہت نے ایک گاناکیاہے،فلم کامیوزک سیچوایشنل ہے جولوگوں کوپسندآئے گا۔یہ فلم ایک پیسہ وصول تفریحی تجربہ ہے، فلم میں ایک جذباتی سین ہے جس میں ان کے والد اداکار صلاح الدین نے انہیں تھپڑ مارا جس میں محبت اور دعاؤں کی جھلک موجود تھی۔
 ماہرہ خان نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ’’آگ لگے بستی میں‘‘ہم نے بہت پیار،محبت اورمزے سے بنائی ہے،مجھے ایسالگتاہے کہ جب ہم کوئی چیز بہت مزے سے اوردل سے بناتے ہیں تو وہ آپ کوبھی سکرین پر دیکھتے ہوئے مزہ آتاہے۔میرے،فہدمصطفیٰ اورجاویدشیخ کے علاوہ تابش ہاشمی نے فلم میں بہت خوب صورت کام کیاہے،یہ ان کی پہلی فلم ہے اوران کی وجہ سے یہ فلم بہت مختلف لگی ہے،ہمیں پوری امیدہےکہ یہ فلم سب کوبہت پسندآئے گی اورچھوٹی عیدکابڑاتحفہ ثابت ہوگی۔
ماہرہ خان نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ میری پچھلی دونوں فلمیں لوگرواورنیلوفربہت مختلف تھیں لیکن یہ فلم’’آگے لگے بستی میں‘‘کہانی اورکرداروں کے حوالےسے سب سے مختلف ہے،یہ فلم میرے دل کے قریب ہے،مجھے فلم کرکے بہت مزہ آیاہے ،اس فلم کوکرکے میں نے بہت سیکھابھی ہے اورانسپائربھی کیاہے کہ میں نے کچھ اورکرناہے۔
ماہرہ خان نے’’آگ لگے بستی میں‘‘ میں اپنے کردار کے بارے میں کہا کہ انہیں اپنی فطرت کے خلاف کام کرنا پڑا، یہ کردار میرے پچھلے کرداروں سے مختلف تھا، اور مجھے ایک زیادہ متنازعہ شخصیت ادا کرنی تھی جو فطری طور پر میرے لیے آسان نہیں تھی لیکن اسکرپٹ اتنا مضبوط تھا کہ کردار کی تیاری میں مدد ملی۔
 تابش ہاشمی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ میں سب سے پہلے ’’آگ لگے بستی میں‘‘کی پوری ٹیم کواپنے شہرلاہور میں خوش آمدیدکہتاہوں،میرے لئے فلم کرنابہت بڑاموقع تھاکیونکہ میں پہلی بارفلم کی ہے جس کے لئے کوئی آڈیشن بھی نہیں دیاتھا،اس کامجھ پر پریشربھی تھاکہ بہت اچھاکرناہے لیکن اللہ کاشکرہے کہ سب نے میرے کام کوسراہااورپسندکیاہے۔

یہ بھی پڑھیں:سب چاہتے تھے ہم شادی کرلیں تو کرلی شادی؛ ہانیہ عامر نےچونکا دیا

بلال عاطف خان کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم کامیڈی، ایکشن اور رومانس کا امتزاج ہے، فلم کی کہانی برکت (فہد مصطفیٰ) اور اس کی بیوی الماس (ماہرہ خان) کے ازدواجی تعلقات کے گرد گھومتی ہے جو ایک طرف گھریلو کشمکش اور دوسری طرف مجرمانہ مہم جوئی کے درمیان الجھتے ہیں۔ ٹریلر میں فہد مصطفیٰ کو ایک ایسے کردار میں دکھایا گیا ہے جو ایمانداری کے اصولوں پر سختی سے کاربند ہے اور یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ وہ مر تو سکتے ہیں لیکن چوری کا ایک نوالہ بھی قبول نہیں کریں گے، اس کے برعکس ماہرہ خان دولت کی جلد حصول کی خواہشمند دکھائی دیتی ہیں اور فہد مصطفیٰ کے کردار کو غلط راستہ اختیار کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔
 سلمان اقبال فلمز اور بگ بینگ فلمز کی مشترکہ پیشکش ’’آگ لگے بستی میں‘ ‘رواں سال عیدالفطر کے موقع پر ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔