سپیکرایاز صادق کی بیرسٹر گوہر کی رہائش گاہ آمد، والدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ان کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر سپیکر سردار ایاز صادق نے بیرسٹر گوہرعلی خان اورانکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے ان کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ والدین کا بچھڑ جانا انسان کی زندگی کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان اورعظیم صدمہ ہوتا ہے، ماں کا سایہ سر سے اٹھ جانا ایسا دکھ ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔
سپیکرقومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ والدین کی محبت اورشفقت کا دنیا میں کوئی نعم البدل نہیں ہوتا، ان کی جدائی ہمیشہ ایک گہرا خلا چھوڑ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر علی خان اور ان کے اہل خانہ جس غم سے گزر رہے ہیں، وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اورمغفرت کیلئے دعا کی جبکہ بیرسٹر گوہرعلی خان سمیت تمام اہل خانہ اور دیگر سوگواران کیلئے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
اس موقع پرسپیکر قومی اسمبلی نے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے مشکل وقت میں عزیز و اقارب اور دوستوں کا ساتھ دکھ بانٹنے میں اہم کردارادا کرتا ہے، انہوں نے بیرسٹر گوہر اوران کے اہل خانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
یہ بھی پڑھیں:جشن میلاد النبی ﷺ پر 3 چھٹیوں کا اعلان