ایشیاکپ؛ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہونے کا امکان

Sep 13, 2023 | 21:06:PM
ایشیاکپ؛ تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہونے کا امکان
کیپشن: ایشیا کپ فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہونے کے امکانات روشن ہوگئے،پاکستان اور سری لنکا میں سے جو ٹیم جیتے گی وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائیگی، کرکٹ فینز کو یہ دعا بھی کرنا ہوگی کہ جمعرات کو کولمبو میں بارش میچ متاثر نہ کرے کیوں کہ اگر میچ کا نتیجہ نہ آیا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا تو پھر نیٹ رن ریٹ پر پاکستان ٹیم فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہوجائےگی اور بھارت کی ٹیم کے ساتھ سری لنکا فائنل کھیلے گا۔
منگل کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے سری لنکا کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں اس وقت بھارت دونوں میچز جیت کر 4 پوائنٹس حاصل کرچکا ہے، پاکستان اور سری لنکا کو 2،2 میچز میں سے ایک میں شکست ہوئی اور دونوں ہی کے 2 ،2 پوائنٹس ہیں۔
ایشیا کپ سپر 4 کے میچ میں سری لنکا کے خلاف بھارت کی فتح نے ایونٹ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جمعرات کو شیڈولڈ میچ کو سیمی فائنل کی حیثیت دلا دی ہے۔
سری لنکا کے خلاف بھارت کی فتح نے پاکستان کیلئے کیلکولیشن آسان بنادی ہے اور اسے اب رن ریٹ کی فکرکئے بغیر بس سری لنکا سے میچ جیتنا ہے۔
جمعرات کو پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں سپر فور مرحلے کے میچ میں مدمقابل آئیں گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائےگی۔
اگر پاکستان اس میچ میں سری لنکا کو شکست دے دیتا ہے تو شائقین کرکٹ پہلی بار ایشیا کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوتا دیکھیں گے۔
ایشیا کپ کا پہلا ایڈیشن 1984 میں کھیلا گیا تھا، اس وقت سے اب تک ٹورنامنٹ کے 15 فائنل کھیلے جاچکے ہیں، پاکستان اور بھارت کا ایک بار بھی فائنل میں ٹاکرا نہیں ہوسکا۔
تاہم شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ پاکستان جمعرات کو سری لنکا کو شکست دے کر ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرے گا جہاں اس کا مقابلہ 17 ستمبر کو بھارت سے ہوگا۔ 

یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ،سری لنکا کیخلاف قومی ٹیم کا اعلان، 5 بڑی تبدیلیاں