آریان کی گرفتاری ۔۔ شتروگھن سنہا نے اہم راز سے پردہ اٹھادیا

Oct 13, 2021 | 12:13:PM
آریان کی گرفتاری کی وجہ شاہ رخ ہیں
کیپشن: شتہرو گھمن سہنا آریان شاہ رخ فائل فوٹو

(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی اداکار اور سیاستدان شتروگھن سنہا کا کہنا ہے کہ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری کی وجہ مذہب نہیں بلکہ خود اداکار ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شتروگھن سنہا کا کہنا تھا کہ ’آریان کواس لئے نشانہ بنایا جا رہا ہے کیونکہ وہ شاہ رخ خان کا بیٹا ہے مگر ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ انہیں مذہب کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

 شتروگھن سنہا نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں نے اب اس موضوع کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، جو بالکل درست نہیں ہے۔‘ ’آریان خان بھارتی ہیں، وہ بھارت کے بیٹے ہیں اور ہمارے آئین کے تحت سب برابر ہیں۔‘

اداکار نے کہا کہ ’ شاہ رخ یقینی طور پر آریان کی گرفتاری کی وجہ ہیں، منمون دھمیچا اور ارباز مرچنٹ جیسے دوسرے نام بھی منشیات کیس میں ملوث ہیں لیکن کوئی بھی ان کے بارے میں بات نہیں کر رہا۔‘

 شتروگھمن سنہانے مزید کہا کہ ’اس سے پہلے اداکارہ دپیکا پڈوکون کے خلاف بھی اسی طرح کے ایک کیس میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، اس کیس میں دیگر افراد بھی شامل تھے لیکن ہر کوئی صرف اداکارہ کی بات کررہا تھا۔‘

شاہ رخ کے بیٹے کی گرفتاری کے معاملے میں بالی ووڈکے لوگوں کی خاموشی کے بارے میں پوچھے جانے پر شتروگھن سنہا نے سوالیہ انداز میں کہا کہ ’اگر بالی ووڈ کا کوئی شخص کچھ کہے گا تو حکومت ان کے ساتھ کیا کرے گی؟ ایسے حالات میں ہمارے لوگوں کو خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے اور اسی وجہ سے زیادہ تر افراد خاموش ہیں۔‘

واضح رہے کہ انسداد منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے آریان خان کو کروز شپ سے گرفتار کیا تھا جبکہ یہ دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس سے منشیات برآمد ہوئی۔

ممبئی کی مقامی عدالت میں چل رہے اس کیس میں آریان خان 3 مرتبہ درخواست ضمانت دے چکے ہیں اور تینوں ہی مرتبہ انہیں مسترد کردیا گیا ہے تاہم اب بتایا جارہا ہے کہ سلمان خان کے مشورے پر شاہ رخ خان نے بیٹے کے وکیل کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اس کیس کی پیروی امیت دیسائی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:نیشنل ٹی 20کپ کا فائنل آج کھیلا جائے گا