اے آئی پر مبنی ٹیکس نظام سے عوام اور ایف بی آر کے افسران کو آسانی ہوگی؛احد چیمہ

May 13, 2026 | 19:56:PM
اے آئی پر مبنی ٹیکس نظام سے عوام اور ایف بی آر کے افسران کو آسانی ہوگی؛احد چیمہ
کیپشن: وفاقی وزیر احد چیمہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل طور پر خودکار نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل ایک مثبت قدم ثابت ہوگا، ڈیجیٹل سسٹم مضبوط ہونے سے عوام کو ایف بی آر کے دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے،اے آئی پر مبنی ٹیکس نظام سے عوام اور ایف بی آر کے افسران کو آسانی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئندہ بجٹ میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم اور اے آئی پر مبنی ٹیکس اصلاحات نافذ کرنے پر غورشروع کر دیا۔ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس میں آئندہ وفاقی بجٹ کیلئے تجویز کردہ ٹیکس نافذ کرنے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ایف بی آر کی ٹیم نے شرکاء کو آئندہ بجٹ کے لئے زیر غور مختلف تجاویز پر بریفننگ دی۔

اجلاس میں انڈر رپورٹنگ، نان رپورٹنگ، انڈر انوائسنگ، ٹیکس چوری اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے ٹیکنالوجی کے ذریعے شفافیت، نفاذ کو بہتر بنانے سے متعلق متعدد تجاویز کا جائزہ لیا۔زیرِ غور اہم تجاویز میں ٹیکس چوری روکنے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ میکانزم اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی سسٹم کا جائزہ لیا گیا۔کسٹمز حکام کی جانب سے ضبط شدہ سامان کی نیلامی میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کیلئے ای-آکشن سسٹم متعارف کرانے پر بھی غور کیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں:آئندہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس لگے گا یا نہیں؟ بڑی خبر آ گئی

احد چیمہ نے کہاکہ ای آکشن سسٹم سے ضبط شدہ سامان کی نیلامی کا عمل مزید شفاف بن جائے گا۔

وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت معاشی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس اصلاحات لائے گی۔

احد چیمہ نے کہاکہ  ٹیکس اصلاحات کا مقصد کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے، حکومت ایک ایسے ٹیکس نظام کی مکمل حمایت کرتی ہے جس میں انسانی مداخلت کم سے کم ہو،وفاقی وزیر کاکہناتھا کہ ڈیجیٹل طور پر خودکار نظام اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل ایک مثبت قدم ثابت ہوگا، ڈیجیٹل سسٹم مضبوط ہونے سے عوام کو ایف بی آر کے دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے،اے آئی پر مبنی ٹیکس نظام سے عوام اور ایف بی آر کے افسران کو آسانی ہوگی۔

احد چیمہ نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ وہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے مجوزہ تجاویز میں مزید بہتری لائے، اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام اصلاحات عملی، ٹیکنالوجی پر مبنی اور مؤثر نتائج فراہم کرنے کی حامل ہوں۔ 

اجلاس میں وفاقی وزیر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر خان، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالاضحیٰ اور یومِ عرفہ کے موقع پر سرکاری سطح پر طویل تعطیلات کا اعلان

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - قومی
ٹیگز: