وفاقی افسران کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی ,سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کے پہلے 2 روز کی کارروائی مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک) چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن لیفٹیننٹ جنرل(ر) اختر نواز ستی کی سربراہی میں وفاقی افسران کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کیلئے کیلئے 11 سے 14 مارچ تک شیڈول 4 روزہ سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کے پہلے 2 روز کی کارروائی ایجنڈے کے مطابق مکمل کر لی گئی ہے.
گزشتہ روز اجلاس کے پہلے روز 90 اور آج دوسرے روز 70 سے زائد افسران کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دینے کی سفارشات مرتب کی گئیں، کل 13 مارچ کو اجلاس کے تیسرے دن مختلف سروسز اور گروس کے مجموعی طور پر 478 افسران کے پینلز میں سے افسران کی ترقیوں کی سفارشات مرتب کی جائیں گی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تحت پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کیلئے 78 افسران جبکہ گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے 123 افسران کے پینلز پر غور کیا جائے گا، وزارت داخلہ کے تحت ایف آئی اے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (گریڈ 21) کے عہدے پر ترقی کیلئے 8 افسران اور ڈائریکٹر (لاء/گریڈ20) کے عہدے پر ترقی کیلئے 3 افسران کے پینل کا جائزہ لیا جائے گا، وزارت مواصلات کے پوسٹل گروپ کے گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کیلئے 11 افسران اور گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے 16 افسران کے پینل زیرِ غور آئیں گے، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کیلئے 41 افسران اور گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے 127 افسران کے پینلز پر غور کیا جائے گا، وزارت خزانہ کے تحت پاکستان منٹ میں ڈائریکٹر جنرل (گریڈ20) پر ترقی کیلئے ایک افسر کا جائزہ لیا جائے گا، وزارتِ دفاع میں ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ گروپ کے گریڈ 20 سے 21 میں ترقی کیلئے 5 افسران جبکہ گریڈ 19 سے 20 میں ترقی کیلئے 5 افسران کا پینل زیر غور آئے گا.
آئی ایس آئی میں ڈائریکٹر جنرل (گریڈ21) کے عہدے پر ترقی کیلئے 3 افسران اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (گریڈ 20) کی ترقی کیلئے 7 افسران پر مشتمل پینل کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ترقی کیلئے زیرِ غور آنے کیلئے چیف انجینئر (گریڈ 20) ای اینڈ سی برانچ کیلئے 6 افسران کا پینل بھی شامل ہیں، مزید برآں تعلیمی شعبے میں فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز کے تحت خواتین پرنسپل (گریڈ 20) کی ترقی کیلئے 3 افسران، مرد پروفیسر (گریڈ20) کیلئے 4 افسران، خواتین پروفیسر (گریڈ 20) کیلئے 3 افسران اور مرد پرنسپل (گریڈ20) کیلئے 2 افسران پر مشتمل پینلز کا جائزہ لیا جائے گا، آج اجلاس کے دوسرے روز (12 مارچ) کو ایف بی آر کے تحت آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس، ان لینڈ ریونیو ،کسٹم سروس، وزارتِ منصوبہ بندی کے افسران کی ترقی کے کیسز ایجنڈے پر تھے جبکہ 11مارچ کو منعقدہ سینٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس کے پہلے دن وفاق کے 4 سروس کیڈر کے 100 سے زائد افسران کو گریڈ 20 اور 21میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی، اجلاس کے پہلے دن فارن سروس، انفارمیشن سروس ، پوسٹل سروس اور سیکرٹریٹ سروس گروپ کے افسران کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کا معاملہ ایجنڈے پر تھا۔ انفارمیشن سروس گروپ کے چار افسران کو 21 اور 5 افسران کو 20 گریڈ میں ترقی دینے کی منظوری دی گئی، سیکرٹریٹ سروس گروپ کے 12 افسران کو 21 اور 35 افسران کو گریڈ 20، فارن سروس کے 12 افسران کو 21 اور 25 افسران کو گریڈ 20، پوسٹل سروس کے 3 افسران کو 21 اور 6 افسران کو گریڈ 20 دینے کی منظوری دی گئی، ذرائع کے مطابق انفارمیشن گروپ کے 4 افسروں کو گریڈ 20 سے 21 میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی ہے، جن میں ڈی جی پی بی سی سعید شیخ، جوائنٹ سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات اشفاق خلیل، ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز میں تعینات عمرانہ وزیر اور ثمینہ فرزین شامل ہیں۔ انفارمیشن گروپ کے 5 افسروں کو گریڈ 19 سے 20 میں ترقی دینے کی سفارش کی گئی ہے جن میں ڈی جی میڈیا فنانس ڈویژن حامد رضا وٹو، ڈائریکٹر اے بی سی محمد سلیم ‘ ای ڈی سرکاری ٹی وی دانیال گیلانی، ڈائریکٹر ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ شازیہ سراج اور ڈپٹی رجسٹرار عنبرین گل شاہد شامل ہیں، مزید برآں بورڈ اجلاس کے چوتھے دن ( 14 مارچ) کامرس اینڈ ٹریڈ سروس، ریلوے سروس ، فیڈرل پبلک سروس کمیشن، وزارت تعلیم کے افسران کی گریڈ 20 اور 21 میں ترقی کا فیصلہ کیا جائے گا.
یاد رہے کہ 11 سے 14 مارچ تک شیڈول 4 روزہ سنٹرل سلیکشن بورڈ اجلاس میں وفاق کے 12 سروس کیڈر سمیت ایکس کیڈر افسران کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دی جائے گی، اجلاس میں ایک ہزار کے قریب افسروں کو گریڈ 20 اور 21 میں ترقی دی جا ئے گی، ڈیڑھ سال کے غیر معمولی تعطل کے بعد گیارہ مارچ سے شروع ہونے والے بورڈ اجلاس کی مرتب کردہ سفارشات کی حتمی منظوری وزیراعظم دیں گے، جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے ہر افسر کی ترقی اور تقرر و تبادلے کے حوالے سے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے