13 جولائی کادن ہر کشمیری کے دل میں زندہ ہے:بلاول بھٹو
عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
سانحہ 13 جولائی 1931سرینگر کی برسی پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے ڈوگرہ راج کے ہاتھوں شہید ہونے والے 22 کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن 22 کشمیری شہداء کے خون نے ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کی ایک لازوال داستان رقم کی۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر سینٹرل جیل کے سامنے 22 کشمیریوں نے ایک عظیم مقصد کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ عظیم کشمیریوں نے محض اپنے حقِ اظہار نہیں بلکہ پوری قوم کی عزت و حرمت کے لئے جامِ شہادت نوش کیا۔
بلاول بھٹوزرداری نے مزید کہاکہ اُن 22 شہداء کا خون ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادی کی روح کو بندوقوں کے زور سے کبھی دبایا نہیں جا سکتا، پیپلز پارٹی قائدِ عوام شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایک اذان کی تکمیل کیلئے 22 شہادتیں,دنیا بھر میں آج یوم شہدائے کشمیر منایا جارہا ہے
انہوں نے کہا کہ 13 جولائی کا یہ دن ہر کشمیری کے دل میں زندہ ہے، ہم کشمیری شہداء کے مقصد سے تجدیدِ عہد کرتے ہیں اور کرتے ہیں کہ خطے میں پائیدار امن تبھی ممکن ہے جب مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق حل کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیریوں کو انصاف، وقار اور آزادی دلوانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔