مارک زکربرگ کی نئی گھڑی، حیرت انگیز قیمت

Dec 13, 2024 | 19:32:PM
مارک زکربرگ کی نئی گھڑی، حیرت انگیز قیمت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)میٹا کے بانی مارک زکربرگ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 223 ارب ڈالرز ہے۔

ویسے ان کی تصاویر دیکھ کر تو محسوس ہوتا ہے کہ وہ زیادہ پیسے خرچ کرنا پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ اکثر سادہ ٹی شرٹس ہی پہنے نظر آتے ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے انہیں محض ایک ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے۔

مگر حالیہ مہینوں میں مارک زکربرگ نے اپنا ذاتی انداز کو کافی حد تک بدلا ہے اور چمکتی سونے کی چین اب اکثر گلے میں جھولتی نظر آتی ہے،مگر آج کل وہ جو گھڑی استعمال کر رہے ہیں اس کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے۔

وہ آج کل Bulgari Octo Finissimo Ultra COSC نامی گھڑی استعمال کر رہے ہیں،یہ دنیا کی سب سے پتلی مکینیکل گھڑی ہے جس کی موٹائی محض 1.7 ملی میٹر ہے یا یوں کہہ لیں کہ یہ ایک دوسرے پر رکھے 2 کریڈٹ کارڈز سے بھی زیادہ پتلی ہے۔

ایک انسٹا گرام ویڈیو میں مارک زکربرگ کی کلائی میں یہ گھڑی نظر آئی،اس گھڑی کی قیمت 5 لاکھ 30 ہزار ڈالرز (14 کروڑ 73 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے اور اب تک اس کے محض 20 یونٹ ہی تیار کیے گئے ہیں،اس گھڑی میں 170 پرزہ جات کو بہت زیادہ پتلے کیس میں شامل کیا گیا ہے،ٹائیٹینیم کیس کو ہر ممکن حد تک پتلا رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ستمبر 2024 میں مارک زکربرگ نے De Bethune DB25 Starry Varius Aérolite نامی نایاب گھڑی پہنی، جس کا ڈائل ایک شہاب ثاقب سے بنایا جاتا ہے اور اس کا ڈیزائن کہکشاں کی طرح ہوتا ہے، جبکہ اس پر 24 قیراط سونے کے پتے لگے ہوتے ہیں اور اس کا اسٹریپ مگرمچھ کی کھال سے تیار کیا جاتا ہے۔

 اگرچہ اس گھڑی کی قیمت کا واضح تعین نہیں ہو سکا مگر ایک تخمینہ کے مطابق یہ کم از کم 2 لاکھ 60 ہزار ڈالرز کی ہوتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چاکلیٹ کھانے کے خواہشمند ذیابیطس مریضوں کیلئے خوشخبری

 دلچسپ بات یہ ہے کہ مارک زکربرگ پہلے گھڑی پہننا پسند نہیں کرتے تھے، مگر مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں اننت امبانی کی گھڑی سے متاثر ہو کر انہوں نے کہا تھا کہ "میں کبھی گھڑی خریدنا نہیں چاہتا تھا، مگر اسے دیکھ کر مجھے لگا کہ گھڑیاں تو زبردست ہوتی ہیں۔" اس کے بعد مارک زکربرگ نے اپنے ملبوسات کا انداز بھی بدلا اور ایک پوڈکاسٹ میں کہا کہ انہوں نے اپنی نئی شرٹ خود ڈیزائن کی ہے۔