مریم نواز سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
(راؤ دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں فروغِ تعلیم، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے بچاؤ کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ انہیں پاکستان، بالخصوص پنجاب اور لاہور کے لوگ بہت پسند ہیں، کیونکہ یہاں کے لوگ زندہ دل ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید توسیع دی جائے گی، پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے نئی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:آزادی پروموشنل آفر..! گاڑیوں کے شوقین افراد کیلئےخوشخبری
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم تقریباً 10 لاکھ پنجاب کے اوورسیز پاکستانی ملک کا قابلِ قدر اثاثہ ہیں، مون سون کے دوران پیشگی اقدامات اور ڈسٹرکٹ واسا کے قیام سے بارشی پانی کے جلد نکاس کو ممکن بنایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب بدل رہا ہے اور صوبے کے شہر اور دیہات ریفارم ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے انہوں نے ویمن ایمپاورمنٹ کو محض علامتی نہیں بلکہ عملی شکل دی ہے۔
مریم نواز شریف نے بتایا کہ خواتین کی آمدورفت میں آسانی کے لیے الیکٹرک اسکوٹی اور الیکٹرو بس سروس شروع کی گئی ہے جبکہ خواتین کو مالی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سمال بزنس کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن جیسے اقدامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:تنقید سے ذہنی اذیت۔۔۔!25سالہ معروف انفلوئنسر نے زندگی ختم کرلی
ملاقات میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور پنجاب و امریکہ کے درمیان کاروباری، سرمایہ کاری اور تکنیکی روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔