تھانہ شادمان کیس:93 صفحات کا فیصلہ جاری، عالیہ حمزہ، صنم جاوید کے وارنٹ جاری

Aug 12, 2025 | 21:08:PM
تھانہ شادمان کیس:93 صفحات کا فیصلہ جاری، عالیہ حمزہ، صنم جاوید کے وارنٹ جاری
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلانے کا 93 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ کے خلاف کیس ثابت ہوتا ہے۔

عدالتی فیصلے میں بتایا گیا کہ ملزمان پر مجرمانہ سازش اور لوگوں کو بغاوت پر اُبھارنے کا جرم ثابت ہوا، چاروں مجرموں کو مجموعی طور پر 35 ، 35 سال قید اور چھ لاکھ جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ فہیم قیصر، نیاز احمد، زین علی سمیت دیگر سات مجرم موقع پر موجود تھے اور توڑ پھوڑ کرتے رہے، ہر مجرم کو مختلف دفعات میں مجموعی طور پر 31- 31 سال قید کی سنائی گئی ہے۔

93 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں بتایا گیا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید موقع پر موجود نہ تھیں، دونوں خواتین سوشل میڈیا کے ذریعے مکمل طور پر اس جرم میں ملوث رہیں، دونوں خواتین نو مئی سے پہلے ہی اپنے سوشل میڈیا اکاونٹس کے ذریعے اس مقصد پر کام کر رہی تھیں۔

فیصلے میں بتایا گیا کہ عدالت صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو پانچ پانچ سال قید اور ایک ایک لاکھ جرمانہ کی سزا سناتی ہے، شاہ محمود قریشی پر زمان پارک میں سازش کے حوالے سے ہونے والی میٹنگ میں شرکت کا ثبوت نہیں، اگر میٹنگ میں شرکت کا ثبوت نہیں تو باقی الزامات بھی ختم ہو جاتے ہیں۔

عدالت نے فیصلہ میں بتایا کہ شاہ محمود قریشی کو اس کیس سے بری کرتے ہیں، فیصلے کے وقت ضمانت پانے والے تمام ملزمان غیر حاضر تھے، صنم جاوید نے اپنا بیان بھی ریکارڈ نہیں کروایا، لگتا ہے کہ اپنے ضمیر کی وجہ سے صنم جاوید بیان ریکارڈ کروانے سے ایک دن پہلے ہی غائب ہوگئی ہیں۔

عدالت نے عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سمیت غیر حاضر تمام ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے، تھانہ شادمان ان ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھجوَائیں تاکہ وہ اپنی سزَا کاٹ سکیں۔