روس امن کا خواہاں نہیں اور نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے: زیلینسکی کا الزام

Aug 12, 2025 | 20:36:PM
روس امن کا خواہاں نہیں اور نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے: زیلینسکی کا الزام
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے الزام عائد کیا ہے کہ روس یوکرین میں امن کا خواہاں نہیں ہے اور اس کے بجائے اس پر نئے حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔

زیلنسکی نے یہ بیان ایک ایسے وقت دیا ہے جب روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یوکرین کی جنگ پر بات چیت کے لیے الاسکا میں تین دنوں میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

زیلینسکی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ’ہم گواہی دے رہے ہیں کہ روسی فوج جنگ کو ختم کرنے کی طرف نہیں بڑھ رہی ہے، لیکن اس کے برعکس، ایسی حرکتیں کر رہی ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ وہ نئے حملوں کی تیاری کر رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ایسے حالات میں یہ ضروری ہے کہ عالمی اتحاد کو خطرہ نہ ہو، یورپی یونین کے رہنماؤں نے جو کہ امریکی اور روسی صدور کے درمیان جمعے کو ہونے والی بات چیت میں کیف کو نظرانداز کیے جانے کے بارے میں فکر مند ہیں، ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یوکرین کے عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔

یورپی رہنماؤں کا بیان میں جس کی ہنگری نے حمایت نہیں کی یہ بھی کہا کہ بامعنی امن مذاکرات صرف جنگ بندی کے فریم ورک کے اندر ہی ممکن ہوں گے، یوروپی یونین یوکرینی صدر زیلنسکی کو الاسکا میں صدر پوتن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعہ کو ہونے والی ملاقات میں مدعو کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، جہاں دونوں فریقین امن کے حصول کے لیے روس اور یوکرین کے درمیان ’زمین کے تبادلے‘ پر بات چیت کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ وہ جمعے کو اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ مل کر یوکرین کے کچھ علاقے پر دوبارہ دعویٰ کرنے کے لیے کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں :قومی اسمبلی ہنگامہ خیز اجلاس ، PTI کا بانی سے ملاقات نہ ہونے پر احتجاج، بائیکاٹ