کوشش ہوگی اقوام متحدہ سے بھی بی ایل اے، مجید بریگیڈ پر پابندی لگوائیں، بلاول بھٹو 

Aug 12, 2025 | 14:30:PM
کوشش ہوگی اقوام متحدہ سے بھی بی ایل اے، مجید بریگیڈ پر پابندی لگوائیں، بلاول بھٹو 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں عوام کو نشانہ بناتی ہیں، کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ نے بھارت کا ساتھ دیا، کوشش ہوگی کہ اقوام متحدہ سے بھی ان دہشتگرد تنظیموں پر پابندی لگوائیں۔

  حیدرآباد میں خان بہادر حسن علی آفندی پاک کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا نے بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دے کر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی ہے، جو بڑی کامیابی ہے، یہ تنظیمیں مزدوروں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہیں، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ نے حالیہ پاکستان-بھارت تنازع میں کھل کر مودی کا ساتھ دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ مودی سرکار دریائے سندھ کا پانی روکنے کے اعلان سے باز نہیں آرہی، لیکن سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت کو پاکستان کو اس کے حق کا پانی دینا پڑے گا، دریائے سندھ پاکستانیوں کے لیے لائف لائن ہے، اس معاملے پر سندھ کے لوگوں کا ساتھ چاہیے، تمام پاکستانی اس پر یکساں آواز اٹھائیں، یہ پاکستان کے کروڑوں عوام کی زندگی کا سوال ہے۔

  یہ بھی پڑھیں:معمر خاتون کے  کانوں سے بالیاں نوچنے والے کا بھیانک انجام

 بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں پانی کی عالمی کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے زراعت کے لیے جدید طریقے اپنانے ہوں گے، ڈریپ ایریگیشن سمیت جدید تکنیکس اپنا کر ہم پانی کو بچاسکتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ صوبوں کو ان کا حق دینا پڑے گا، ہم چاہتے ہیں کہ نئے مالیاتی ایوارڈ (این ایف سی) کے لیے فوری طور پر اجلاس بلایا جانا چاہیے، آئین کے تحت ہر 5 سال بعد این ایف ایوارڈ دینا چاہیے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس جمع نہ کرنے کی سزا صوبوں کو نہ دی جائے، اسلام آباد میں بیٹھے بابے اپنی ناکامی کی سزا صوبوں کو نہ دیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت یا کسی سیاسی جماعت نے ہم سے 27 ویں آئینی ترمیم کے لیے رابطہ نہیں کیا، 27 ویں ترمیم کی افواہیں چل رہی ہیں، یہ میڈیا کے دوستوں سے سن رہا ہوں، لیکن بطور سیاسی جماعت ہم سے حکومت نے اب تک اس حوالے سے کوئی مشاورت نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ کا منصوبہ عالمی اداروں اور این جی اوز کی مدد سے مکمل کر رہے ہیں، جس کے تحت سندھ بھر میں لاکھوں خاندانوں کو گھر بناکر دے رہے ہیں، یہ منصوبہ کرپشن سے پاک اور اتنا شفاف اور ڈیجیٹائز ہے کہ اسے کوئی بھی آن لائن چیک کرسکتا ہے، یہ منصوبہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن روٹی، کپڑا اور مکان کے مطابق ہے۔

مزید پڑھیں:’’آئی پی ایل کی ٹیم کیوں نہیں خریدی‘‘سلمان خان  کے جواب نے سب کو حیران کر دیا

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی نے سندھ میں سب سے زیادہ تعلیمی ادارے، ہسپتال اور یونیورسٹیاں بنائی ہیں، جو ملک بھر میں ہائر ایجوکیشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے جب کتوتیاں کی جاتی ہیں، تو نوجوانوں کے مستقبل کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہوتا ہے، تاہم ہم صوبے کے ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانا چاہتے ہیں، تاکہ نوجوان اپنے مستقبل کی جانب پر وقار انداز میں آگے بڑھیں۔

 چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں ایئرپورٹ ہونا چاہیے، تاہم یہ وفاق کا کام ہے، سندھ میں پرانے ایئرپورٹ بند کیے گئے ہیں، حیدرآباد میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کے لیے وزیر اعظم کے ساتھ بات کروں گا، اگر کامیابی نہ ملی تو سیالکوٹ کی طرح ہم بھی حیدرآباد میں ایئرپورٹ قائم کرنے کا سوچ سکتے ہیں۔