جشن آزادی کے موقع پر ون ویلرز اور ریسنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

Aug 12, 2023 | 21:22:PM
جشن آزادی کے موقع پر ون ویلرز اور ریسنگ کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) جشن آزادی کے موقع پر ون ویلرز، ریسنگ، ہلڑبازی اور روڈ بلاک کرکے کرتب دیکھانے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق 10 سے زائد مقامات پر قیدیوں کی گاڑیاں موجود ہوں گی۔ فیملیز کو تنگ کرنے، شوروغل کرنے، بغیر سائلنسر کے موٹرسائیکل اور رکشہ چلانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں 12 ڈی ایس پی، 210 ٹریفک انسپکٹرز اور 24 سو سے زائد وارڈنز، 6 بریک ڈاؤن اور 25 فوک لفٹرز بھی تعینات ہوں گے جبکہ 255 مقامات پر ناکے لگائے جائیں گے۔ شہریوں کی فوری مدد اور ٹریفک کی روانی کیلئے تمام ڈی ایس پیز کو ایک ایک ایمرجنسی اسکواڈ بھی فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے: بغیر ہیلمٹ پیٹرول کی سیل پر پابندی کیخلاف درخواست کا تحریری حکم جاری

اہم اور مصروف شاہراہوں پر عارضی سپیڈ بریکر اور بیرئیرز لگائے جائیں گیں جبکہ حضوری باغ، گریٹر اقبال پارک، پنجاب اسمبلی، لبرٹی مارکیٹ، واہگہ باڈر، ایوان اقبال، جیلانی پارک سمیت 71 مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی، لوڈ بڑھنے پر مین بلیوارڈ گلبرگ اور مال روڈ پر موٹرسائیکلسٹ کو سروس روڈز پر چلایا جائے گا، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے روڈ بلاکنگ کرنے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کارروائی کی جائے گی، مستنصر فیروز کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس بھی شہریوں کی طرح جشن آزادی بھرپور طریقے سے منائے گی۔