ٹرک، بی ایم ڈبلیو پر الٹ گیا، وکیل جاں بحق ، ویڈیو وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت کی ریاست اندھرا پردیش میں ایک دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے میں ہائی کورٹ کے ایک سینیئر وکیل اس وقت جان سے گئے جب ایک کنکریٹ سے بھرا ٹرک ان کی لگژری گاڑی پر الٹ گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ حیدرآباد-وجے واڑہ ہائی وے پر کیسرہ ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک بی ایم ڈبلیو کار حیدرآباد کی جانب جا رہی تھی۔
اسی دوران شام تقریباً 4 بج کر 15 سے 20 منٹ کے درمیان ایک کنکریٹ مکسچر ٹینکر موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوگیا اور سیدھا کار پر الٹ گیا۔
حکام کے مطابق گاڑی میں ہائی کورٹ کے معروف وکیل بی سرینواس راؤ سوار تھے، حادثے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
In Andhra Pradesh's NTR district, a lorry loaded with fly ash overturned onto a BMW car due to brake failure. The High Court lawyer traveling in the BMW d!ed. In this accident, the BMW was completely crushed.
— Ghar Ke Kalesh (@gharkekalesh) April 11, 2026
pic.twitter.com/eg2XkLoKrY
وجے واڑہ کے پولیس کمشنر ایس وی راجہ شیکھر بابو کے مطابق لاش کو نکالنے کے لیے بھاری مشینری، جے سی بی اور کرین کا استعمال کیا گیا، جس کے بعد اسے پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ کنکریٹ سے لدے ٹینکر کے بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس سے وہ موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گیا۔
حادثے کے وقت بی ایم ڈبلیو ٹول گیٹ کراس کر رہی تھی، اور ٹرک کے شدید وزن نے گاڑی کو مکمل طور پر کچل کر ناقابلِ شناخت بنا دیا۔
پولیس اور ٹول پلازہ عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
حکام واقعے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ یہ بھی دیکھا جا رہا ہے کہ آیا ٹینکر اوورلوڈ تھا یا کسی قسم کی غفلت برتی گئی۔