متعدد بیوروکریٹس کے تقرر و تبادلے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک )وفاقی حکومت نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور پولیس سروس کے متعدد بیوروکریٹس کے تقرر و تبادلوں کی منظوری دی ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تمام احکامات کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔
جاری کردہ مختلف نوٹیفکیشنز کے مطابق اسلام آباد پولیس کے سابق ڈی آئی جی سیکیورٹی اور پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 19 کے افسر علی رضا کی خدمات اقوام متحدہ کے سپرد کی گئی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق علی رضا کو اقوام متحدہ امن مشن کوسوو میں آپریشنل لائزن آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کی تعیناتی 16 ستمبر 2025 سے تین سال کے لیے ہوگی، جس کے بعد وہ اپنی مدت مکمل ہونے پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو رپورٹ کریں گے۔
اسی طرح وفاقی حکومت نے دو اداروں کے ڈائریکٹر جنرلز کو تبدیل کر دیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق اکادمی ادبیات پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سلطان محمد نواز ناصر کا تبادلہ کر کے ان کی خدمات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو واپس کر دی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد طیب کا تبادلہ کر کے ان کی خدمات آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر کو واپس کی گئی ہیں، مزید برآں ایگزیکٹو ڈائریکٹر، اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن ڈاکٹر آفتاب امام کی خدمات ایف بی آر کو واپس کی گئی ہیں، وفاقی بیوروکریسی میں مزید تبدیلیوں کے تحت سیکریٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈویژن ساجد بلوچ کا تبادلہ کر کے انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ان کی جگہ ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 22 کے افسر شاہد اقبال بلوچ کو نیا سیکریٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈویژن تعینات کیا گیا ہے۔ شاہد اقبال بلوچ اس سے قبل فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ڈسپوزل پر تھے۔
دریں اثناء وفاقی حکومت نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ممبر کے طور پر انفارمیشن گروپ کے گریڈ 21 کے ریٹائرڈ افسر اختر منیر کی تقرری کی منظوری دی ہے۔ ان کی تقرری تین سال یا 65 برس کی عمر تک (جو بھی پہلے ہو) کے لیے ہو گی، دیگر احکامات کے مطابق ڈیئن پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج ڈاکٹر محمد جمیل آفاقی کو تفویض ریکٹر نیشنل سکول آف پبلک پالیسی لاہور کے اضافی چارج میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے جو کہ رواں ماہ 2 ستمبر 2025ء سے شمار ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں:سیلاب بھی شادی میں رکاوٹ نہ بن سکا، دلہا ریسکیو کشتیوں میں دلہن بیاہ لایا، ویڈیو وائرل