پاکستان اور یو اے ای کا انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق
Stay tuned with 24 News HD Android App
( اویس کیانی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان نے ملاقات کی۔
وزارت داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کا خیرمقدم کیا۔
ملاقات میں انسداد منشیات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور یو اے ای نے انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک کی جانب سے نمائندہ افسران مقرر کیے گئے۔
انسداد منشیات کیلئے تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان کی جانب سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے بریگیڈئر طاہر غریب نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کو سراہا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کو نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کا پہلا چیئرمین بننے پر مبارکباد دی۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں
وزیر داخلہ نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان کو انسداد منشیات میں اشتراک کار کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا،پاکستان منشیات کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ مکروہ کاروبار سے منسلک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے،متحدہ عرب امارات میں منشیات سمگل کرنے میں ملوث 400 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور 5 ٹن منشیات پکڑی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی مشترکہ کاوشوں اور معلومات کے بروقت تبادلے سے ہی ممکن ہوئی ،کچھ عرصہ سنتھیٹک ڈرگز کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا ہے، ملوث مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے،منشیات کے جنگ ہماری نسلوں کی جنگ ہے اور اس میں ہار کوئی آپشن نہیں۔
اس موقع پر شیخ زید بن حماد بن حمدان النیہان نے کہا کہ انسداد منشیات کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھی ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،انسداد منشیاتک حوالے سے باہمی تعاون کو مضبوط تر بنانا ہے تاکہ ہم آئندہ نسوں کو بہتر مستقبل فراہم کر سکیں۔
یو اے ای کے وفد میں بریگیڈئر طاہر غریب، ڈائریکٹر ابوظہبی محکمہ انسدادِ منشیات ، بریگیڈیئر عمر خلفان، ڈائریکٹر آپریشنز ڈیپارٹمنٹ فیڈرل اینٹی نارکوٹکس، بریگیڈئر خالد علی، ڈائریکٹر جنرل دبئی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف اینٹی نارکوٹکس، بریگیڈئر ابراہیم جاسم، ڈائریکٹر راس الخیمہ محکمہ انسدادِ منشیات، بریگیڈئر ماجد سلطان، ڈائریکٹر شارجہ ڈیپارٹمنٹ آف پریوینشن اینڈ اینٹی نارکوٹکس، کرنل محمد ماجد، ڈائریکٹر عجمان محکمہ انسدادِ منشیات، کرنل خالد راشد، ڈائریکٹر فجیرہ محکمہ انسدادِ منشیات، لیفٹیننٹ کرنل جمال سعید، ام القوین انسدادِ منشیات پولیس،لیفٹیننٹ کرنل سعید محمد، ڈائریکٹر ابوظہبی محکمہ انسدادِ منشیات، میجر محمد سلطان، محکمہ انسدادِ منشیات اور کیپٹن سالم خمیس، اسسٹنٹ ایکسپرٹ کریمنل ایویڈنس شامل تھے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز داخلہ، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس اور سینئر حکام بھی موجود تھے