پاک فوج نے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی

Nov 11, 2025 | 09:50:AM
پاک فوج نے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24 نیوز ) پاک فوج نے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 جیت لی۔

 آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج رائفل ایسوسی ایشن کی سینٹرل میٹ میں شرکت کی، اپنے خطاب میں انہوں نے  کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جہلم میں پاک فوج رائفل ایسوسی ایشن کی 45 ویں سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب آرمی مارک مین شپ یونٹ میں منعقد ہوئی، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سینٹرل میٹ یکم اکتوبر سے 10 نومبر تک جاری رہی جس میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ، سول آرمڈ فورسز اور صوبائی رائفل ایسوسی ایشنز سے 2 ہزار سے زائد شرکا نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اپنی نشانہ بازی کی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

 

 آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے تمام 4 انٹر سروسز میچز میں کامیابی حاصل کرکے تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 اپنے نام کرلی۔

پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ گروپ-I میں پہلی پوزیشن حاصل کی، پنجاب رجمنٹ کے سپاہی محمد عرفان نے ماسٹر ایٹ آرمز کا اعزاز جیتا جبکہ آرمی مارک مین شپ یونٹ کے نائب صوبیدار عمر فاروق نے آرمی ہنڈرڈ رائفل میچ ٹرافی اپنے نام کی۔

 

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی شاندار کارکردگی اور مہارت کو سراہا، انہوں نے اس موقع پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے، بعد ازاں آرمی چیف نے ملٹری کالج جہلم کی ایک صدی تقریبات میں بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جنرل عاصم منیر نے ایک صدی قدیم یادگار اور کالج میوزیم کا افتتاح کیا، جو ادارے کی سو سالہ شاندار خدمات اور تاریخ کا مظہر ہے۔

آرمی چیف نے ملٹری کالج جہلم کے کردار، نظم و ضبط، حب الوطنی اور قیادت سازی کے تسلسل کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور عالمگیرینز کی پاکستان اور افواجِ پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا۔

آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی، فیلڈ مارشل کی آمد پر کمانڈر راولپنڈی کور اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے ان کا استقبال کیا۔