جنگی اثرات سے نمٹنے کیلئے پٹرول کم استعمال کریں اور ایک سال سونا نہ خریدیں:مودی

May 11, 2026 | 11:29:AM
جنگی اثرات سے نمٹنے کیلئے پٹرول کم استعمال کریں اور ایک سال سونا نہ خریدیں:مودی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)وزیراعظم نریندر مودی نےعوام سے اپیل کی کہ وہ ایندھن کے استعمال میں کمی لائیں اور ایک سال تک سونا خریدنے سے گریز کریں تاکہ عالمی جنگوں اور سپلائی چین کے بحران کے باعث معیشت پر پڑنے والے دباؤ کو کم کیا جا سکے۔

 سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ میں منعقدہ بی جے پی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا اور دنیا بھر میں جاری جنگوں کے باعث عالمی سپلائی چین بری طرح متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں تیل، کھاد اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت مسلسل کوشش کر رہی ہے کہ عالمی مہنگائی کا بوجھ ہندوستانی عوام پر کم سے کم پڑے۔

مودی نے کہا کہ حکومت مختلف ممالک سے بات چیت کر کے پٹرول اور ڈیزل کے مسائل پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن طویل مدتی حل یہی ہے کہ ملک میں تیل کی کھپت کم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دے رہی ہے جبکہ ریلوے کے شعبے میں بھی ڈیزل کے استعمال میں نمایاں کمی لائی جا رہی ہے، انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا آئیے ایک سال تک سونا خریدنا بند کریں، اگر سونے کی درآمد کم ہوگی تو ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:سیف سٹی میں تمام متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا:محسن نقوی ‎

وزیر اعظم نے کہا کہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات صرف ضرورت کے مطابق استعمال کی جانی چاہئیں تاکہ غیر ملکی زرِ مبادلہ کی بچت کے ساتھ جنگی اثرات کو بھی کم کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے کسانوں کے لیے حکومت کی سبسڈی اسکیموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک میں یوریا کی ایک بوری تقریباً تین ہزار روپے میں دستیاب ہے، جبکہ ہندوستان میں حکومت کی مدد سے یہی بوری تین سو روپے سے بھی کم قیمت پر کسانوں کو فراہم کی جا رہی ہے، وزیر اعظم نے حیدرآباد انٹرنیشنل کنونشن سنٹر (ایچ آئی سی سی) میں تقریباً 9400 کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سائبرآباد ملک کا سب سے بڑا روزگار مرکز بن چکا ہے اور سائبر ٹیکنالوجی، بجلی اور الیکٹرک گاڑیوں کے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے ورنگل میں قائم ہونے والے پی ایم مترا ٹیکسٹائل پارک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کے ٹیکسٹائل شعبے میں انقلاب برپا کرے گا اور ہزاروں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گا، تقریباً 1700 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا جانے والا یہ ہندوستان کا پہلا مکمل فعال پی ایم مترا پارک ہوگا۔

مزید پڑھیں:افغان طالبان رجیم کی ریاستی دہشتگردی،پوست کےخاتمےکےنام پرنہتےشہریوں کاقتل عام

مودی نے ظہیرآباد انڈسٹریل کاریڈور، نیشنل ہائی وے 167 کی توسیع، ریلوے کے متعدد منصوبوں، گرین فیلڈ پیٹرولیم ٹرمینل اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا، انہوں نے کہا کہ مرکز تلنگانہ کی ترقی کے لیے تیز رفتاری سے کام جاری رکھے گا۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کانگریس اور بی آر ایس کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کی کامیابی کے بعد اب تلنگانہ میں بھی عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور جلد یہاں بھی بی جے پی کی حکومت قائم ہوگی۔

مودی نے کہا کہ ملک کے عوام خاندانی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں جبکہ این ڈی اے حکومت ترقیاتی سیاست پر یقین رکھتی ہے، انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ ووٹ لینے کے بعد عوام کو بھول جاتی ہے اور ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بنتی ہے۔