5روز میں پٹرول 21.88 اور ڈیزل 14.62 روپے فی لیٹر مہنگا،عوام پریشان

Sep 10, 2026 | 09:14:AM
 5روز میں پٹرول 21.88 اور ڈیزل 14.62 روپے فی لیٹر مہنگا،عوام پریشان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)پاکستان میں پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں پانچ روز کے دوران نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، 5 ستمبر کے مقابلے میں 10 ستمبر تک پٹرول کی قیمت 21.88 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 14.62 روپے فی لیٹر بڑھ گئی ہے۔

10 ستمبر 2026 سے پٹرول کی قیمت 367.75 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 392.67 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

اس سے ایک روز قبل 9 ستمبر کو پٹرول 364.35 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 385.95 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی، اور 8 ستمبر کو پٹرول کی قیمت 358.77 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 381.77 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

اس سے پہلے 5 ستمبر کو پٹرول 345.87 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 378.05 روپے فی لیٹر کا تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق 5 ستمبر سے 10 ستمبر کے درمیان پٹرول کی قیمت میں 21.88 روپے فی لیٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 14.62 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:ایپل کا بڑا سرپرائز، آئی فون 18 پرو اور پرو میکس متعارف،بیٹری پرفارمنس میں بہتری

امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی، خلیجی خطے میں تیل بردار جہازوں پر حملوں اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی تیل تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، کل خام تیل کی قیمت بڑھ کر 100 ڈالر (74 پاؤنڈ) فی بیرل تک پہنچ گئی۔

امریکا نے کہا تھا کہ اس نے ایران کی جانب سے ایک جنگی جہاز کو نشانہ بنانے کے جواب میں پانچ ایرانی ٹینکروں پر حملہ کیا، جبکہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ انھوں نے جوابی کارروائی میں آٹھ ٹینکروں اور دو جنگی جہازوں کے علاوہ اردن میں واقع ایک امریکی اڈے کو بھی نشانہ بنایا۔

پاسدارانِ انقلاب نے یہ بھی کہا کہ وہ جہاز رانی کے لیے ایک نئے ممنوعہ زون کے قیام کا منصوبہ رکھتے ہیں جو آبنائے ہرمز سے آگے بحیرہ عرب تک پھیلا ہوا ہوگا۔

حوثیوں کا کہنا ہے کہ یمن میں سعودی عرب نے درجنوں حملے کیے ہیں،اس سے قبل حوثیوں کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کے نتیجے میں سعودی عرب کی کئی تیل تنصیبات میں آگ لگ گئی تھی۔

عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے نتیجے میں دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کے لیے پٹرول کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔