اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئینی تقاضا نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری ہے:مولانا فضل الرحمن

Aug 11, 2026 | 18:38:PM
 اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئینی تقاضا نہیں بلکہ اخلاقی ذمہ داری ہے:مولانا فضل الرحمن
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ صرف آئینی تقاضا نہیں بلکہ ہماری دینی، اخلاقی اور سیاسی ذمہ داری ہے۔

اقلیتوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر  اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام نے اقلیتوں کے جان و مال، عزت اور مذہبی آزادی کے حقوق کا واضح تحفظ دیا ہے،پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں برابر کی شہری ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ملک میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور انصاف کے قیام کے لیے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اقلیتوں کے آئینی، مذہبی اور انسانی حقوق کے تحفظ کی علمبردار ہے،اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو بلاامتیاز جان، مال، عزت اور مذہبی آزادی کا تحفظ فراہم کرے۔

سربراہ جے یو آئی  نے کہا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب اور قومیتوں کے لوگ باہمی احترام اور اخوت کے ساتھ رہ سکتے ہیں،اسلام انسانیت، امن اور رواداری کا درس دیتا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اسی فکر کا عملی تقاضا ہے، مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا تحفظ ایک مضبوط، پرامن اور مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔

انھوں نے کہا کہ 1972 میں مفتی محمود نے واضح اعلان کیا تھا کہ اقلیتوں کے تعلیمی اداروں کو ان کی مرضی کے بغیر سرکاری تحویل میں نہیں لیا جائے گا،اقلیتوں کے بچوں کو بھی تعلیم، ترقی اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کیے جائیں، پاکستان میں اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے تمام مذاہب اور مسالک کے درمیان احترام اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین اور اسلامی تعلیمات دونوں کا بنیادی تقاضا ہے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ سے پاکستان میں امن، اخوت اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے۔

سربراہ جے یو آئی  نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا دینی، اخلاقی اور سیاسی کردار جاری رکھے گی، پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کو بلاامتیاز عزت، انصاف اور تحفظ کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں :آزاد کشمیر انتخابات کاتیسرامرحلہ،پیپلز پارٹی 2، ن لیگ ایک نشست پر کامیاب