قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا احتجاج، عمران خان کی رہائی کیلئے نعرے بازی

Aug 11, 2025 | 21:36:PM
قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کا احتجاج، عمران خان کی رہائی کیلئے نعرے بازی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا اور اس دوران وہ نہ صرف عمران خان کی رہائی کے لیے نعرے بازی کرتے رہے بلکہ فوجی آپریشن نامنظور کے نعرے بھی لگائے۔

 قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا تو پی ٹی آئی کے اسد قیصر نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنے کا مطالبہ کیا تاہم، اسپیکر قومی اسمبلی نے اسد قیصر کو اجازت نہ دی اور وقفہ سوالات کی کارروائی جاری رکھی جس پر پاکستان تحریک انصاف کا قومی اسمبلی اجلاس میں احتجاج کیا۔

وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے نہ صرف سپیکر ڈائس کا گھیراؤ کیا بلکہ ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں، پی ٹی آئی ارکین بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے نعرہ بازی کرتے رہے، اس دوران نامنظور نامنظور فوجی آپریشن نامنظور کے نعرے بھی لگائے گئے۔

بعد ازاں، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے قومی اسمبلی کے باہر احتجاجاً دھرنا دے دیا، اراکین عمران خان کی رہائی اور عدلیہ کی آزادی کے لیے نعرے بازی کرتے رہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا، عبدالطیف، جمشید دستی، احمد چٹھہ، رائے حسن نواز اور زرتاج گل کی تصاویر ایوان میں لے کر آئے، نو منتخب رکن اسمبلی نے ارم حامد حمید  نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا تو پی ٹی آئی ارکان نے احتجاج اور نعرے بازی کی، اجلاس میں میاں اظہر  کے لئے دعا کرائی گئی۔

ملک عامر ڈوگرنے کہا کہ ہمارے اراکین کا سیاسی قتل کیا گیا اس پر بھی ایوان میں فاتحہ پڑھائی جائے، احتجاج کے طور پر ہم یہاں کھڑے ہوئے ہیں، ہمارے حوصلے بلند ہیں ہم ڈٹے ہوئے ہیں، ہم ظلم کے خلاف کھڑے ہیں خاموش نہیں ہیں۔

وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی ارکان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو آپ نے شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا، وزیر اطلاعات کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا، عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کی سزائیں قانون کے مطابق ہوئی ہیں۔ 

وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ میاں اظہر شرافت کے پیکر تھے انہوں نے سیاست میں ہمیشہ شرافت کو ترجیح دی ہم نے کچھ دوریاں اتنی زیادہ بڑھا دی ہیں کہ ایک دوسرے سے ملتے ہوئے بھی جھجکتے ہیں، سیاست دانوں نے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا ختم کردیا ہے۔

اجلاس میں خواجہ آصف، راجہ پرویز اشرف، رانا تنویر حسین، علی محمد خان اور فاروق ستار سمیت دیگر ارکان نے بھی میاں اظہر کے حوالے سے گفتگو کی۔ بعد ازاں اجلاس کل تک ملتوی کردیا گیا۔

وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کا ٹیرف 48.7 سے کم کرکے 38.4 کیا ہے، ہم نے کراس سبسڈی کا بوجھ کم کیا،ہم نے پروٹیکٹڈ صارفین کے ٹیرف میں بھی کمی کی۔

انھوں نے کہا کہ کراس سبسڈی سیکٹر پر بوجھ ہے،ایسے ماحول کی طرف جارہے جہاں کراس سبسڈیز نہیں لی جائیں گی،بلک پاور کے صارفین خود بجلی کو خرید سکیں گے۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران کراچی میں زلزلوں اور عوامی  آگاہی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس  بھی جمع کرایا گیا ، توجہ دلاؤ حفیظ الدین نے پیش کیا۔

حفیظ الدین نے کہا کہ کراچی میں تین فالٹ لائنز ملتی ہیں،کراچی میں کسی بھی وقت بڑا زلزلہ آ سکتا ہے،کراچی میں اس وقت بروقت انتظامات کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ بھی ضروری ہے کہ عوام کو زلزلے سے متعلق شعور و آگاہی  دی جائے، تمام اداروں کو اس پر سوچنا چاہئے،کیا این ڈی ایم اے نے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم چلائی ہے؟ 

وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری  نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا ایکٹ 2010 میں بنا،ضلعی سطح پر بھی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تنظیمیں موجود ہیں،دو مانٹیرنگ پورٹل قائم ہیں، عوامی آگاہی کے لئے خاص مہم چلائی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :ایم کیو ایم اور قیدی 804 میں کوئی فرق نہیں:شرجیل میمن