سعودی عرب اور قطر پاکستان کو کتنے ارب ڈالر دیں گے؟ ترک نیوز ایجنسی کی چونکا دینےوالی رپورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ترکیے کی ایک نیوز ایجنسی نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو زر مبادلہ کی بھاری مقدار یکمشت واپس دینے کے بعد پاکستان کے فارن کرنسی ذخائر کو بہتر سطح پر رکھنے کے لئے سعودی عرب اور قطر پاکستان کو 5 ارب ڈالر دیں گے۔
ترک میڈیا مین سامنے آنے والی اس خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان نے متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر واپس کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ متحدہ عرب امارات کو رقم واپس کرنے پر سعودی عرب اور قطر پاکستان کو 5 ارب ڈالر دیں گے۔
ترک میڈیا کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سعودی عرب کے وزیر خزانہ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کی وجہ سے بڑھتے ہوئے بیرونی دباؤ اور اخراجات کے پیش نظر پاکستان کو اپنی مالی مدد کا یقین دلایا۔
ترک میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ملاقات میں پاکستان نے سعودی عرب سے مزید مالی امداد کی درخواست کی جس میں موجودہ نقد ڈپازٹس میں اضافہ اور آئل فنانسنگ کی سہولت (Oil Financing Facility) کی مدت میں توسیع کرنا شامل ہے جو رواں ماہ کے آخر میں ختم ہونے والی ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق اس اہم ملاقات میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام نے شرکت کی، ملاقات کا محور اقتصادی تعاون اور سعودی عرب و متحدہ عرب امارات کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی صورتحال تھی۔
ترک میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ سعودی عرب اور قطر نے پاکستان کو 5 ارب ڈالر کی مالی معاونت کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے پاکستان کو کمزور زرِ مبادلہ ذخائر پر دباؤ کم کرنے اور بیرونی ادائیگیاں کرنے میں مدد ملے گی۔
ایک سینیئر پاکستانی اہلکار کے مطابق پاکستان اپریل کے اختتام تک متحدہ عرب امارات کو 3.5 ارب ڈالر کا قرض واپس کرے گا۔
پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر اس وقت تقریباً 16.4 ارب ڈالر ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: اسلام آباد مذاکرات؛ ابتدا وزیراعظم شہباز نے خود کی، امریکہ اور ایران کے مذاکرات کاروں سے ملاقاتیں