نئی دہلی ٹیسٹ،بھارت نےپہلے روز 2وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز بنا لیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)انڈین ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز 2 وکٹوں کے نقصان پر 318 رنز بنا لیے، اوپننگ بلے باز جیسوال 173 رن بنا کر اور کپتان شبھمن گل 20 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
آج کھیلے گئے 90 اوورز کے کھیل میں ہندوستان کی محض 2 وکٹیں گریں اور سکور بورڈ پر 318 رنز لگ گئے، رنز کی رفتار کچھ دھیمی ضرور رہی، لیکن ہندوستانی بلے باز پوری طرح سے گیندبازوں پر حاوی نظر آئے۔
بھارتی کپتان شبھمن گل نے آج ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا، یشسوی جیسوال اور کے ایل راہل نے شروعات بہت دھیمی کی، لیکن 10 اوور کے بعد تھوڑی جارحیت اختیار کی۔
دونوں ہی بلے باز بہت اچھے ٹچ میں دکھائی دے رہے تھے، لیکن ویسٹ انڈیز کے نائب کپتان جومیل وریکن کی اچانک بہت زیادہ گھوم جانے والی ایک گیند نے کے ایل راہل کو پویلین بھیج دیا۔
گیند کا ٹرن دیکھ کر راہل بہت حیران ہوئے، لیکن 54 گیندوں پر 38 رن بنا کر وہ اسٹمپ آؤٹ ہو چکے تھے۔ انھوں نے 1 چھکا اور 5 چوکے لگائے، دوسرے وکٹ کے لیے جیسوال اور سائی سدرشن کے درمیان 193 رنوں کی بہترین شراکت داری ہوئی۔
سدرشن بدقسمت رہے جنھوں نے اپنی سنچری مکمل نہیں کی، وہ 165 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 87 رن بنا کر وریکن کی گیند پر ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد ہندوستان کا مزید کوئی وکٹ نہیں گرا۔
کپتان شبھمن گل اور یشسوی جیسوال پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر ناٹ آؤٹ واپس لوٹے، جیسوال جہاں 253 گیندوں پر 22 چوکوں کی مدد سے 173 رن بنا کر کھیل رہے ہیں، وہیں شبھمن گل 68 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 20 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔
جیسوال ڈبل سنچری کے قریب ہیں اور دوسرے دن وہ بغیر کوئی خطرہ اٹھائے ڈبل سنچری بنانا چاہیں گے، دوسری طرف ویسٹ انڈیز کے گیندبازوں کی کوشش ہوگی کہ وہ ہندوستانی ٹیم کو جلد آل آؤٹ کریں، تاکہ پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرا ٹیسٹ میچ بھی یکطرفہ نہ رہے۔
یہ بھی پڑھیں :جونیئر ہاکی: پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں منگل کو آمنے سامنے ہوں گی