پی ٹی آئی کی کارکنوں کو پر امن احتجاج کی ہدایت

May 10, 2023 | 19:01:PM
پی ٹی آئی کی کارکنوں کو پر امن احتجاج کی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر  میں جاری احتجاج اور توڑ پھوڑ پر پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نے  کارکنان کو پر امن احتجاج کی ہدایت کر دی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق  شاہ محمود قریشی نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکنان سے گزارش ہے کہ احتجاج جاری رکھیں لیکن پر امن رہیں ،قانون کو ہاتھ میں نہیں لینا لیکن حوصلہ پست نہیں کرنا کیونکہ آپ کے قائد کا حوصلہ بلند ہے،آج عمران خان کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ان کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا، اب ان کو 17 تاریخ کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، عمران خان خیریت سے ہیں اور پہلے سے زیادہ پُر عزم ہیں، عمران خان کارکنان کی شہادتوں پر رنجیدہ ہیں ، جب ان کو اطلاع ملی کہ پاکستان کے طول و عرض میں فائرنگ کی وجہ سے شہادتیں ہوئی ہیں ان کواس کی سخت تکلیف ہوئی ۔ 

 پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ پر امن رہی ہے، ہماری جدوجہد ہمیشہ آئین و قانون کے دائرے میں رہی ہے اور ہم نے اس پالیسی کو برقرار رکھنا ہے، عمران خان کا کارکنوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ میرے حوصلے بلند ہیں اور آپ نے حوصلہ نہیں ہارنا، ان کے پیغام کو آگے پہنچانے کیلئے آج شام 6 بجے تمام  ریجنل اور ضلعی سربراہان کا اجلاس طلب کیا ہے، ان سے مشاورت کی جائے گی اور ان کے علاقوں کی صورتحال کے بارے میں آگاہی بھی حاصل کروں گا تاکہ عمران خان تک پہنچائی جائے ، وکلا سے مشاورت جاری ہے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف پٹیشن داخل ہو چکی ہے، سیاسی قیادت اور وکلا کو اعتماد میں لے کر اگلا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔