شر پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، فوج نے بڑا قدم اٹھا لیا

May 10, 2023 | 18:25:PM
شر پسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، فوج نے بڑا قدم اٹھا لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں  پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے فوج  اور ریاست مخالف  کارروائیوں کے بعد فوج نے دو ٹوک انداز میں الاعلان کہا ہے کہ  تمام  شر پسند عناصر  اب نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب  سے کہا گیا ہےکہ ۹ مئی کا دن ایک سیاہ باب کی طرح  یاد رکھا جائے گا، چیئرمین  پی ٹی آئی کو نیب کے علامیہ کے مطابق کل اسلام آباد ہائیکورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا ، اس گرفتاری کے فوراً بعد ایک منظم طریقے سےآرمی کی املاک اور تنصیبات پر حملے کرائے گئے اور فوج مخالف نعرے بازی کروائی گئی،جو سہولت کار ،منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق  سخت کاروائی کی جائے گی اور یہ  تمام  شر پسند عناصر  اب نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔ 

 آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ  ایک طرف تو یہ شر پسند  عناصر عوامی جزبات کو اپنے محدود اور خود غرض مقاصد کی تکمیل کیلئے بھرپور طور پر ابھارتے ہیں اور دوسری طرف  لوگوں کی آنکھوں میں دھول ڈالتے ہوئے ملک کیلئے فوج کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتے نہیں تھکتے جو کہ دوغلے پن کی مثال ہے، جو کام ملک کے ابدی دشمن 75سال نہ کرسکے وہ اقتدار کی حوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دیکھایا ہے ۔
 فوج نے انتہائی تحمل ، بردباری کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا ،مذموم  منصوبہ بندی کےتحت پیدا کی گئی اِس صورتحال سے یہ گھناونی کوشش کی گئی کے آرمی اپنا فوری ردِ عمل دے جسکو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لیئے استعمال کیا جا سکے،آرمی کے میچور رسپانس نے اس سازش کو ناکام بنا دیا،  ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ اس کے پیچھے  پارٹی کی کچھ شر پسند لیڈرشپ کے احکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اور ہے۔ 
 جو سہولت کار ،منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق  سخت کاروائی کی جائے گی اور یہ  تمام  شر پسند عناصر  اب نتائج کے خود ذمہ دار ہونگے۔ 
 فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا جسکی مکمل ذمہ داری اسی ٹولے  پر ہوگی جو پاکستان کو خانہ جنگی میں دھکیلنا چاہتا ہے اور برملہ و متعدد بار اس کا اظہار بھی کرچکا ہے،کسی کو بھی عوام کو اکسانے اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔