شرح ترقی 8.5فیصد: اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ نے پانچ سالہ شیڈو ڈویلپمنٹ پلان پیش کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) غیر سرکاری شعبہ کے تھنک ٹینک اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ نے پانچ سالہ شیڈو ڈویلپمنٹ پلان پیش کردیا۔ اس شیڈو پلان میں 2031 تک 2 کروڑ لوگوں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا روڈ میپ ہے اور 2026 سے 2031 تک جی ڈی پی کی گروتھ کی شرح 8.5 فیصد ، ملکی برآمدات 30 ارب ڈالرز سے بڑھا کر 78 ارب ڈالرز اورکرنٹ اکاونٹ خسارہ پانچ فیصد سر پلس کرنے کا تخمینہ بتایا گیا ہے۔
غیر سرکاری معاشی تھنک ٹینک ایکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کے شیڈو ڈویلپمنٹ پلان میں آئندہ پانچ سال میں ملکی معاشی شرح نمو کی رفتار کو بڑھانے کے لیے اصلاحات تجویز کیے گئے ہیں، ٹیکسوں میں کمی ، کاروبار میں آسانیاں اور بجلی اور گیس کے نرخ کم کرنے کے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔
پانچ سال میں 35 ارب ڈالرز کے تجارتی خسارے کو زیرو کرنے کے پلان کے تحت ملکی برآمدات 30 ارب ڈالرز سے بڑھا کر 78 ارب ڈالرز اور درآمدات 63 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 88 ارب ڈالرز تک پہنچانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ 2031 تک بیرونی فنانسنگ کی مد میں 29 ارب ڈالرز کی آمدن ، پانچ سال میں ترسیلات زر 40 ارب ڈالرز سے بڑھا کر 60 ارب اور زرمبادلہ کے ذخائر 63.5 ارب ڈالرز تک پہنچایا جا سکتا ہے۔
اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ کے شیڈو پلان میں پانچ سال میں شرح سود 11.5 فیصد سے کم کرکے 7 فیصد کرنے اور مہنگائی کی شرح 5 فیصد تک محدود کرنے کا کہا گیا ہے، پانچ سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی ریشو 10.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد ، مجموعی قومی بچت کی شرح 12.5 فیصد سے 22.5 فیصد زرعی شعبہ کی پیداوار 3.6 فیصد سے بڑھا کر 6.8 فیصد ، صنعتی شعبہ کی پیداوار 4.3 فیصد سے بڑھا کر 9 فیصد خدمات کے شعبہ کی پیداوار 4.8 فیصد سے بڑھا کر 9.6 فیصد قرضوں کی شرح جی ڈی پی کے 60 فیصد سے کم کرنے اورپانچ سال میں فی کس آمدن 2900 ڈالرز سالانہ کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔