’’ستھرا پنجاب‘‘ کے بعد’’ سدھرا پنجاب‘‘ مہم شروع کردی: عظمیٰ بخاری
پنجاب میں جرائم کی شرح میں کمی ، لاہور کئی بین الاقوامی شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب کے بعد اب سدھرا پنجاب مہم شروع کی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات وثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آڈٹ رپورٹ سے متعلق بغیر تحقیق کے خبریں چلائی گئیں جبکہ یوم عاشور پر سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کیے گئے اور تمام مسالک نے بہترین مذہبی آہنگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب کوامن ایوارڈ دیا، پنجاب میں جرائم کی شرح میں کمی آئی ہے جبکہ لاہور میں جرائم کی شرح میں 68 فیصد کمی آئی ہے اور لاہور کو کئی بین الاقوامی شہروں سے زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ چکوال، بھلوال اور حافظ آباد میں 2 دنوں میں کوئی واردات نہیں ہوئی، گجرات میں گزشتہ روز چوری کی واردات ہوئی، تاہم گجرات، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور ملتان میں جرائم کی شرح کم ہوئی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے، پنجاب بھر سے ایک ہزار 509 اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیااور 614 بچوں کو ملزمان سے بازیاب کرایا گیا، پنجاب بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بڑی صنعتیں اورفرنس آئل پلانٹس بھی بجلی چوری میں ملوث ہیں، وزیرِ توانائی
صوبائی وزیر اطلاعات نےمزید کہا کہ سی سی ڈی کو ایف بی آئی کی طرز پر صوبائی محکمہ بنایا گیا ہے، سی سی ڈی نے 1500 سے زائد اشتہاریوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ سی سی ڈی کی انویسٹی گیشن کو حتمی سمجھا جاتا ہے، پنجاب میں کسی چور اور ڈاکو کو اب آزادی نہیں ہو گی اور ستھرا پنجاب کے بعد اب سدھرا پنجاب مہم شروع کی گئی ہے۔