وزیراعظم نے بیرون ملک نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کیلئے پالیسی کی منظوری دیدی

Jul 10, 2023 | 16:59:PM
وزیراعظم نے بیرون ملک نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کیلئے پالیسی کی منظوری دیدی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے بیرون ملک 40 نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کیلئے پالیسی کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق گریڈ 20 کی آسامی پر بیرون ملک 8 ٹریڈ افسران تعینات کیے جائیں گے جبکہ گریڈ 19 کی آسامی پر 23 اور گریڈ 18 کی آسامیوں پر9 ٹریڈ افسران تعینات ہوں گے۔

آسامیوں میں اوورسیز پاکستانیوں و نجی شعبے کیلئے 10 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے جبکہ آسامیوں میں کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ گریڈ 20 کیلئے بھی 40 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔

اسی طرح کامرس اینڈ ٹریڈ گروپ کے گریڈ 19 کیلئے 50 جبکہ گریڈ 18 کیلئے 60 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کے وطن واپسی کیلئے دوستوں سے رابطے، سعودی عرب سے اہم خبر آ گئی

ذرائع کے مطابق ان تعیناتیوں کیلئے عمر کی بالائی حد 56 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ یہ تعیناتیاں 3 سال کیلئے ہوں گی۔ ان تعیناتیوں کیلئے امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویوز کے عمل سے گزرنا ہوگا جبکہ یہ افسران سڈنی، ہانگ گانگ، شنگھائی، جکارتہ اور ریاض میں تعینات کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ یہ ٹریڈ افسران واشنگٹن، لندن، قندھار، ٹوکیو، نئی دہلی، بنکاک، نیویارک، میڈرڈ اور جدہ سمیت دیگر مختلف اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ان ٹریڈ افسران کی تقرری کیلئے انٹرویو بورڈ بھی تشکیل دے دیا جس میں وفاقی وزیر تجارت کو چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ بورڈ میں سیکرٹری تجارت، سیکریٹری خارجہ اور سیکریٹری اسٹبلشمنٹ ڈویژن بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق انٹرویو بورڈ کے پاس امیدواروں کیلئے 40نمبر تک کا اختیار ہوگا اور انٹرویوکے بعد بورڈ ٹریڈ افسران کیلئے نام وزیر اعظم کو بھیجے گا جہاں وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل مکمل ہوگا۔