حکومت ویلیو ایڈیشن کیلئے درکار سہولتوں کیلئے معاونت کرے: خادم حسین
برآمدات زیادہ تر خام مال پر مشتمل ،ویلیو ایڈیشن بہت کم ہے : رکن بورڈ آ ف ڈائریکٹرز پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)فائونڈر ز گروپ کے سرگرم رکن ،پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے رکن ، سینئر نائب صدر فیروز پور روڈ بورڈاورسابق ممبر لاہور چیمبر آف کامرس خادم حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران غیر ملکی زرِ مبادلہ کے حصول کے ذریعے کے طور پر پاکستان کی برآمدات میں مسلسل کمی واقع ہوئی ہے جو تشویش کاباعث ہے ،پاکستان کی برآمدات زیادہ تر خام مال پر مشتمل ہیں جن میں ویلیو ایڈیشن بہت کم ہے اس لئے حکومت ویلیو ایڈیشن کیلئے درکار سہولتوں کیلئے مکمل معاونت اور سرپرستی کرے۔
اپنے بیان میں خادم حسین نے کہاکہ ترسیلات زر کی آمدن کی گروتھ پر خوش ہونا چاہیے لیکن اس کے ساتھ برآمدات پر توجہ دیتے ہوئے مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کی طرف بڑھنا چاہیے ،برآمدات فروغ پائیں تو ملک میں صنعتیں چلیں گی ، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور محصولات اکٹھے ہوںگے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے حالیہ دنو ں میں ایکسپورٹرز کے لئے کچھ ریلیف کے اعلانات تو کئے ہیں لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا حکومت نے اس ریلیف پیکیج کی تفصیلات آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کی ہیں یا نہیں لیکن اگر ایسا کیا بھی گیا ہے تو اس پیکیج کا تسلسل نہ صرف ایندھن کی بین الاقوامی قیمتوں پر منحصر ہوگا جو بجلی کے شعبے کے لیے ایک کلیدی جزو ہے بلکہ اس کا دارومدار بجلی کے شعبے کی مجموعی کارکردگی پر بھی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صنعتی بنیاد پر نظر ثانی کرنے اور ٹیکنالوجی بشمول مصنوعی ذہانت کی تیاری میں زیادہ ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے۔