وزیر اعظم شہباز شریف کی صدر الہام علییف کو آرمینیا کیساتھ تاریخی امن معاہدے پر مبارکباد
Stay tuned with 24 News HD Android App
( 24نیوز )وزیر اعظم شہباز شریف نے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی ثالثی میں حال ہی میں آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان طے پانے والے اس تاریخی امن معاہدے پر صدر علییف اور آذربائیجان کے عوام کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے اس معاہدے کو تین دہائیوں پرانے تنازعے کا پرامن حل قرار دیتے ہوئے صدر علیئیف کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت کو سراہا جس نے قفقاز کے خطے میں امن اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا،وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ثالثی کردار کی بھی خاص طور پر تعریف کی۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران صدر علیئیف نے کاراباخ کے مسئلے پر آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی عوام اس بنیادی مسئلے پر ہمیشہ آذربائیجانی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور یہ امر نہایت خوش آئند ہے کہ صدر علیئیف کی جرات مندانہ قیادت کے نتیجے میں خطے میں بالآخر پائیدار امن قائم ہوا۔
صدر علیئیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن قائم ہونے سے پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان ترقی، روابط اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کی موجودہ فضا پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر علیئیف کو جلد از جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ کیا، لاچن اور خانکنڈی میں حالیہ بات چیت کا بھی حوالہ دیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر تیانجن میں متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’علیمہ خان میرے ساتھ سکول میں تھیں،گالیاں دینا ان کا شیوہ نہیں‘نسیم زہرا نے شیر افضل کو جھوٹا ثابت کردیا