دنیا پور؛ایک اورشخص ہنی ٹریپ کا شکار،تاوان نہ ملنے پر ٹانگ میں گولی مار دی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)دنیاپور میں ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا ہونے والا شخص محمد عمران ڈاکوؤں کے ظلم کا شکارہو گیا۔ تاوان نہ ملنے پر مغوی کو ٹانگ میں گولی مار دی گئی، دوسری ٹانگ میں گولی مارنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں، اہل خانہ خوف و ہراس میں مبتلا جبکہ پولیس مغوی کی بازیابی کیلئے سرگرم ہے۔
تفصیلات کے مطابق دنیاپور کا رہائشی چار بچوں کا باپ محمد عمران کراچی سے گھر واپس آرہا تھا کہ ہنی ٹریپ کے ذریعے کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گیا، مغوی کو بس سے اتار کر نامعلوم مقام پر لے گئے جہاں تاوان کی رقم نہ دینے پر ڈاکوؤں نے اس کی ٹانگ میں گولی مار دی۔
ڈاکوؤں نے ویڈیو پیغام کے ذریعے اہل خانہ کو سنگین نتائج کی وارننگ دی ہے اور دھمکی دی ہے کہ اگر تاوان ادا نہ کیا گیا تو دوسری ٹانگ میں بھی گولی مار دی جائے گی۔ مغوی محمد عمران نے اہل خانہ سے فریاد کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی طرح چاہے بچے فروخت کریں یا زمین بیچ کر پیسے جمع کریں، مجھے ان ڈاکوؤں سے آزاد کروائیں، ورنہ یہ میری جان لے لیں گے۔
اہل خانہ خوف و ہراس میں مبتلا ہیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ مغوی کی بازیابی کیلئے ضلع رحیم یار خان کی پولیس سے رابطے میں ہے اور کارروائی جاری ہے۔
کچے کے علاقے میں اس طرح کے واقعات نے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھا دیا ہے، اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔