چین کا پاکستانی طلبا و نوجوانوں کے لئے بڑا اعلان

Sep 09, 2025 | 17:03:PM
چین کا پاکستانی طلبا و نوجوانوں کے لئے بڑا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک ) چین اور پاکستان نے 2025-2029 ایکشن پلان جاری کردیا، چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کا کہنا ہے کہ چین 3 ہزار پاکستانی طلبا و نوجوانوں کو تربیت دے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے اپنے ایک آرٹیکل میں کہا ہے کہ چین اور پاکستان نے 2025 تا 2029 کے لیے نیا ایکشن پلان جاری کردیا ہے جو سیاسی اعتماد، تجارتی تعلقات اور عوامی شراکت پر مبنی ہے، یہ ایکشن پلان دونوں ملکوں کے تعلقات کا روڈ میپ اور تعمیراتی منصوبہ ہے جس پر چین مکمل عملدرآمد کرے گا۔

چینی سفیر نے صدر شی جن پنگ کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کا رشتہ آہنی ہے جو تاریخی آزمائشوں سے مزید مضبوط ہوا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی کہا کہ آہنی دوستی عوام کے دلوں میں رچ بس چکی ہے اور پاکستان ہر حال میں چینی منصوبوں اور اہلکاروں کا تحفظ یقینی بنائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ سی پیک فیز 2.0 اور ایف ٹی اے اپ گریڈ پر اتفاق ہوچکا ہے۔ نیا گوادر ایئرپورٹ کمرشل فلائٹس کے لیے کھل گیا ہے، سی واٹر ڈیسلینیشن پلانٹ فعال ہے جبکہ رشکئی اسپیشل اکنامک زون میں صنعتیں پیداوار شروع کرچکی ہیں اور پاکستانی بیف، سی فوڈ اور پھل چین کی منڈی میں مقبول ہو رہے ہیں۔

چین کے سفیر کا مزید کہنا تھا کہ گوادر فرینڈشپ اسپتال نے 3 لاکھ مریضوں کا علاج کیا، لاہور اورنج لائن نے 25 کروڑ مسافروں کو سہولت دی اور سی واٹر پلانٹ روزانہ ایک ہزار ٹن پانی فراہم کر رہا ہے۔

علاوہ ازیں چین نے ایک ہزار پاکستانی زرعی نوجوانوں کو تربیت دی ہے اور 2025 تا 2029 مزید 3 ہزار طلبا و نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کا ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ چین سے لانچ ہوا، خنجراب سوست پاس اور قراقرم ہائی وے کی جدید کاری تیز کی جائے گی، جبکہ گوادر پورٹ کی جامع ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔ صحت، تعلیم اور قدرتی آفات سے بچاؤ کے منصوبے بھی بڑھائے جائیں گے۔

جیانگ زیڈونگ کا کہنا تھا کہ کہ چین 10 ملین کلوواٹ سولر اور ونڈ پاور منصوبوں پر تعاون کرے گا، تعلیم، یوتھ اور ثقافتی تبادلے بڑھائے گا اور پاکستانی عوام کی فلاح کو اولین ترجیح دے گا۔ دونوں ملک عالمی انصاف، اقوام متحدہ کے نظام اور ترقی پذیر ممالک کے حقوق کا مشترکہ دفاع کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گلوبل گورننس انیشیٹو کو دنیا کے امن کے لیے اہم قرار دیا جبکہ چینی سفیر نے کہا کہ چین اور پاکستان نئی تاریخ رقم کریں گے اور عوام کو عملی فوائد پہنچائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں ؛ رانا ثنا اللہ نے سینیٹ کا الیکشن جیت لیا