میکسیکو، ٹرین اور ڈبل ڈیکر بس میں خوفناک تصادم، 10 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)میکسیکو میں تیز رفتار ٹرین اور ڈبل ڈیکر بس میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہوگئے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق حادثہ دارالحکومت میکسیکو سٹی سے 115 کلومیٹر دور شمال مغرب میں واقع ایک قصبہ کے قریب صنعتی زون میں پیش آیا۔
ریاست میکسیکو کے اٹارنی جنرل نے غیرملکی میڈیا کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 7 خواتین اور 3 مرد شامل ہیں، زخمیوں میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
ٹرین آپریٹر کا بتانا ہے کہ بس ڈرائیور نے چلتی ٹرین کے سامنے سے جلدبازی میں گزرنے کی کوشش کی جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔
تصادم کے نتیجے میں بس کا اوپری حصہ مکمل طور پر اکھڑ گیا، ٹرین بس کو ریلوے لائن پر گھسیٹتی رہی جس سے جانی نقصان بڑھ گیا۔
ریاستی سول پروٹیکشن کے جنرل کوآرڈینیٹر آدریان ہرنینڈز کے مطابق بس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
تصاویر اور ویڈیوز میں حادثے کے بعد کا ہولناک منظر دیکھا جا سکتا ہے، جس میں بس کی چھت مکمل طور پر تباہ اور سامنے کا شیشہ چکنا چور دکھائی دے رہا ہے۔
حادثے کے فوراً بعد مقامی افراد اور ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ مسافروں کو بچانے کے لیے بس کی چھت سے باہر نکالنے کی کوششیں کیں۔
کینیڈین پیسفک کنساس سٹی کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ٹرین کمپنی کی ذیلی تنظیم CPKC de Mexico کی زیرِ نگرانی چل رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں:میکرون حکومت کو دھچکا، وزیراعظم پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے میں ناکام
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں، ہم مقامی حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
حکام نے جائے وقوعہ پر دونوں اطراف کی ٹریفک کو بند کر دیا ہے تاکہ ایمرجنسی سروسز متاثرین تک بروقت رسائی حاصل کر سکیں۔
ریلوے حکام نے ڈرائیوروں سے کہا کہ وہ سڑک پر لگے اشاروں کا احترام کریں اور ٹرین کراسنگ کے احکامات پر عمل کریں۔