خیبر پختونخوا میں 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 میں اصلاحات کا فیصلہ

Nov 09, 2025 | 10:16:AM
خیبر پختونخوا میں 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 میں اصلاحات کا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے 3 ایم پی او، 16 ایم پی او اور دفعہ 144 میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ان قوانین کو سیاسی دباؤ یا انتقامی کارروائی کے لیے استعمال ہونے سے روکا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت گذشتہ روز وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ان قوانین کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو مجوزہ اصلاحات سے متعلق سفارشات پیش کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آزادی اظہار رائے اور پُرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے تاہم احتجاج کے دوران عوامی سہولت اور روزمرہ زندگی کے تسلسل کو متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

اس مقصد کے لیے حکومت ایسا نیا لائحہ عمل تیار کرے گی جس میں احتجاج کے حق اور عوامی مفاد کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:آسٹریلین کرکٹ بورڈ کا کروڑوں کا نقصان

سہیل آفریدی نے کہا کہ ہر قانون کے مثبت اور منفی پہلو ہوتے ہیں، بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کے مطابق ان قوانین کو عوامی مفاد میں مزید بہتر بنایا جائے گا انہوں نے ہدایت دی کہ ایسے نکات نکال دیے جائیں جو سیاسی انتقام کے طور پر استعمال ہو سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہر اقدام کا مقصد عوامی فلاح ہونا چاہیے۔

اجلاس میں صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے شرکت کی۔