پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے؛وزیراعلیٰ سندھ
Stay tuned with 24 News HD Android App
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے،پاک فوج، فضائیہ اور بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
سی ویو پر معرکہ حق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جرات اور ناقابل تسخیر دفاعی قوت کا مظہر ہے،آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے تو اس کے پیچھے پیپلز پارٹی کی دہائیوں کی قربانیاں اور وژن ہے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سقوطِ ڈھاکا کے بعد ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر پاکستان کے دفاع کو نئی بنیاد دی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے میزائل پروگرام کو نئی سمت دے کر ملکی دفاع کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا،صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاک بحریہ کے لیے 'ہنگور کلاس' آبدوزوں کا حصول سمندری دفاع کو ناقابل شکست بنائے گا۔
مراد علی شاہ کا مزید کہناتھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر ہمیشہ پاکستان کے دفاع اور خودمختاری کا مقدمہ جرات سے لڑا ہے،مضبوط دفاع صرف سرحدوں سے نہیں بلکہ قومی اتحاد، سیاسی استحکام اور معاشی طاقت سے بنتا ہے،سی ویو کا عظیم عوامی اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اپنے شہداء اور افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ'لاپرواہ فوجی مہم جوئی' کر رہا ہے، ایران امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا ، عباس عراقچی